فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر/سیدذکراللہ حسنی سے) پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام73ویں پنجاب گیمز میں فیوچر جمناسٹک کلب کریسنٹ سپورٹس کمپلیس کے کھلاڑی علی حمزہ نے 29سال بعدجمناسٹک میں گولڈ میڈل فیصل آباد کے نام کرلیا۔ فیصل آباد جمناسٹک ٹیم بی او پی پنجاب گیمز 2022میں کانسی کے تمغہ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی جبکہ مجموعی کارکردگی میں فیصل آباد کی جمناسٹک ٹیم 29سال بعد پنجاب گیمز کے وکٹری سٹینڈ پر پہنچی۔علاوہ ازیں فیصل آباد ڈویژن نے مختلف گیمز میں 2751پوائنٹس لے کر صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام 73ویں بی او پی پنجاب گیمز 2022میں فیوچر جمناسٹک کلب کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس شیخوپورہ روڈ کے جمناسٹک انسٹرکٹر شبیر حسین کی قیادت میں جمناسٹک کے چھ رکنی سکواڈ علی حمزہ، شایان، فیضان، ارسلان، احمد، شہریارنے شرکت کی۔ جمناسٹک کے فلور ایونٹ میں فیوچر جمناسٹک کلب کے علی حمزہ نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرکے 29سال بعد فیصل آباد کو اس کھیل میں پنجاب بھر کا چیمپئن بنا دیا۔ جبکہ جمناسٹک ٹیم نے فیصل آباد کی ضلعی سپورٹس کمیٹی اور کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس کے تعاون سے محدودوسائل میں محنت کرکے 29سال بعدہی جمناسٹک میں آل پنجاب تیسری پوزیشن حاصل کرکے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔73ویں پنجاب گیمز جنہیں بینک آف پنجاب، پنجاب گیمز 2022کا نام دیا گیا تھا، کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات بھرپور طریقے سے قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوئیں اور جمناسٹک کے مقابلے جی سی یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئے۔#ذ۔س