پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر مرحوم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا۔آئی سی سی نے ہال آف فیم میں 3 نئے نام شامل کیے جن میں عبدالقادر کا نام بھی شامل ہے۔
عبدالقادر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال اور انگلینڈ کی شیرلوٹ ایڈورڈز کو بھی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔عبدالقادر کے بیٹے اور کرکٹر عثمان قادر نے والد کو ملنے والے اس اعزاز کے حوالے سے کہا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے اس اعزاز پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہال آف فیم میں والد کا شامل ہونا فیملی کے لیے اعزاز ہے۔
عبدالقادر آئی سی سی ہال آف فیم میں ساتویں پاکستانی ہیں، انہوں نے نے ٹیسٹ کرکٹ میں 236 اور ون ڈے میں 132 وکٹیں حاصل کیں۔اس کے علاوہ ظہیر عباس، وقار یونس، عمران خان، حنیف محمد، جاوید میانداد اور وسیم اکرم بھی ہال آف فیم میں آچکے ہیں۔خیال رہے کہ لیجنڈ عبدالقادر 2019 میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔