خیبرپختونخوا انٹر کالجیٹ گیمز 14 نومبر سے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں شروع ہونگی جس میں صوبے کے مختلف کالجز کے مرد وخواتین کھلاڑی چار مختلف گیمز مد مقابل ہونگے، گیمز کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں باضابطہ افتتاح خیبرپختونخوا کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان کرینگے۔ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام 14 نومبر سے صوبے میں انٹر کالجیٹ گیمز کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے کرکٹ، والی بال، فٹبال اور بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔لڑکوں کے کھیلوں کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس، طہماس خان فٹبال سٹیڈیم، زرعی یونیورسٹی اور شمع کرکٹ گراؤنڈ جبکہ خواتین کے مقابلے چارسدہ سپورٹس کمپلیکس اور بے نظیر ویمن یونیورسٹی میں ہونگے جس میں صوبے کے 290 سرکاری کا لجز میں مختلف زون کی فاتح ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل عاطف خان کی خصوصی ہدایت پر کھیلوں کے فروغ کے لئے مختلف پلیٹ فارمز پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے نہ صرف نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے بلکہ اس سے ایک صحمند معاشرہ بھی جنم لے گا، انھوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں پر تعلیم کیساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے وہ بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں گے۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس خالد خان نے کہا کہ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں کیونکہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنھوں نے مستقبل میں اس ملک کی باگ ڈور بھی سنبھالنی ہی۔انہوں نے کا کہ خواتین گیمز کی نگرانی ڈائریکٹریس سپورٹس رشید ہ غزنوی کررہی ہیں جبکہ مردوں کے مقابلے ڈائریکٹرآپریشن عزیز اللہ جان اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ کے زیر نگرانی منعقد ہورہے ہیں۔