پریذیڈنٹ ٹرافی دوسرا راؤنڈ: اویس ظفر، سعید علی اور عزیر ممتاز کی سنچریاں

 

پریذیڈنٹ ٹرافی دوسرا راؤنڈ: اویس ظفر، سعید علی اور عزیر ممتاز کی سنچریاں

کراچی 22 دسمبر، 2023:ء

 

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اویس ظفر نے واپڈا کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز اسکور کیے

اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ غنی گلاس کے سعید علی نے کے آر ایل کے خلاف ناقابل شکست 105 اور پی ٹی وی کے عزیر ممتاز نے ایس این جی پی ایل کے خلاف 108 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے واپڈا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 80 اوورز میں 327 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اس اننگز کی خاص بات اویس ظفر کی سنچری تھی جنہوں نے پندرہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 178 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
محسن خان نے 43 رنز اسکور کیے۔ واپڈا کی طرف سے افتخار احمد سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 88 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
واپڈا نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں پندرہ اوورز کی بیٹنگ میں ایک وکٹ کے نقصان پر55 رنز بنائے تھے۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے ٹاس جیت کر غنی گلاس کو بیٹنگ دی جس نے 80 اوورز کی بیٹنگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر363 رنز بنائے۔ سعید علی نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ شہباز جاوید نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں141 رنز کا اضافہ کیا۔
سعد نسیم نے بھی نصف سنچری بنائی اور 58 رنز اسکور کیے۔ کاشف علی نے61 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
کے آری ایل نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تھے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پی ٹی وی نے ایس این جی پی ایل کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 79.2 اوورز کی بیٹنگ میں317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
عزیر ممتاز نے پندرہ چوکوں کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے۔ حسن محسن نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بنائے۔
ایس این جی پی ایل کی طرف سے لیگ اسپنر عارف یعقوب نے 97 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔اویس انور نے47 رنز دے کر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایس این جی پی ایل نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 20 رنز بنائے تھے۔

 

 

error: Content is protected !!