قومی فٹبال ٹیم نیپال روانہ
پاکستان کی فٹبال ٹیم 3 سال بعد پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے تیار ہے۔حسن بشیر کی قیادت میں پاکستان کی فٹبال ٹیم نیپال کے لیے روانہ ہو گئی ہے، محمد عمر حیات ان کے نائب ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں گول کیپرز ثاقب حنیف، یوسف اعجاز بٹ اور عبدالباسط، ڈیفینڈرز زین(جونیئر)، سہیل خان، سید جنید علی شاہ، عبداللہ شاہ، مامون موسی، عبداللہ اقبال، سردار ولی اور حسیب خان، مڈ فیلڈرز عمیر علی، زین العابدین اسحاق، عبدالقدیر خان، عالمگیر غازی، محمد عدنان یعقوب اور عدنان سعید، فارورڈز محمد افضل، محمد وحید، محمد ولید خان اور شائق دوست شامل ہیں۔شہزاد انور پاکستانی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ جبکہ محمد حبیب اسسٹنٹ کوچ، زاہد تاج گول کیپنگ کوچ، ڈاکٹر عدنان فزیو، ارتضی حسین منیجر، حسنین حیدر (میڈیا منیجر)، محمد علی ٹیم کوآرڈینیٹر اور عبدالقیوم مساجر کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔پاکستان اور نیپال کے درمیان واحد دوستانہ میچ 16نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:15 پر کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم 3 سال کے بعد انٹرنیشنل ٹریک پر واپس آرہی ہے، پاکستانی فٹبالرز کو اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، ان کو صلاحیتوں میں نکھار لانے اور اعتماد میں بھی اضافے کا موقع ملے گا۔ ہیڈ کوچ شہزاد انور کا کہنا ہے کہ 7 ہفتے پر محیط ٹریننگ کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی گئی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی جوش اور جذبے سے کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2019 میں فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز میں کمبوڈیا کے خلاف کھیلا تھا۔