نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان جاری تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 65 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی وجہ سے غیر نتیجہ خیز رہا تھا، تفصیلات کے مطابق مائونٹ مونگانوئی میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا ٹاس نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا ڈالے، بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو نے صرف 51 گیندوں پر 111 رنز کی دھواں اننگز کھیلی اور آئوٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں گیارہ چوکے اور سات چھکے شامل تھے
اشان کشن نے 36 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بائولر ٹم سائوتھی رہے جنہوں نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے تین بھارتی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لوکی فیرگوسن نے دو اور سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 126 رنز پر آئوٹ ہو گئی اور میچ 65 رنز کے فرق سے ہار گئی، نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹر کپتان کین ولیمسن رہے جنہوں نے 61 رنز بنائے جبکہ ڈیون کانوائے پچیس رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے، بھارت کی جانب سے دیپک ہودا نے چار، یوزیندر چہال اور محمد سیراج نے دو دو جبکہ بھونیشو کمار نے ایک وکٹ حاصل کی، بھارت کے سوریا کمار یادیو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔