نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں، احسان بھٹہ

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز اور سٹیڈیمز تعمیر کئے جا رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں ساہیوال ڈویژن میں جاری سپورٹس سکیموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میاں نثار الحق اور تحصیل سپورٹس افسران نے بھی شرکت کی

 

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے تمام سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے مزید کہا ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں 71کروڑ 78لاکھ روپے کی خطیر رقم سے 11منصوبوں پر کام جاری ہے، ظفر علی سٹیڈیم میں سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک بچھانے کا کام بھی شامل ہے جو جون2023 تک مکمل ہو جائے گا اس پر 21کروڑ40لاکھ روپے خرچ ہو رہے ہیں، ساہیوال جمنیزیم کی مرمت کا کام بھی جلد شروع ہو جائیگا جس پر 5کروڑ48لاکھ روپے خرچ ہونگے جبکہ نئے کبڈی سٹیڈیم کی تعمیر پر 2کروڑ87لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے چیچہ وطنی میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں سست روی پر ناراضی کا اظہار کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی

 

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود کی درخواست پر ظفر علی سٹیڈیم سے متصل 2سکوائش کورٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ نوجوان نسل کی جسمانی و ذہنی نشورونما کے لئے کھیلوں کا اہم کردار ہے اس لئے کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال میں فٹ بال ٹورنا منٹ کا انعقاد کرایا جارہا ہے جبکہ مارچ میں جشن بہاراں کے موقع پر نیز ہ بازی کے مقابلوں کے ساتھ دوسرے مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے،اجلاس کے بعدسیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے زیر تعمیر اتھلیٹکس ٹریک کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کا معیار بہترین ہونا چاہئے۔

تعارف: newseditor