پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 67 ویں نیشنل ٹریک سائیکلنگ چیمپیئن شپ کل 26 نومبر سے لاہور میں شروع ہوگی۔ تین روزہ چیمپیئن شپ کے مقابلے نشتر سپورٹس کمپلیکس کے سائیکلنگ ویلیو ڈروم میں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سیکرٹری معظم خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر عدنان احسن اور شہزادہ بٹ بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 9 ٹیمیں حصہ لینگی جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان، اسلام آباد سمیت ڈیپارٹمنٹس شامل ہیں۔ واپڈا کی مینز اور ویمنز ٹیمیں چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ میں ایک سو سے زائد مود و خواتین سائیکلسٹ ان ایکشن ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یو سی آئی اور ایشین سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ کو سراہا جا رہا ہے۔
ہماری کوشش ہوگی اس مرتبہ منعقد ہونے والی چیمپیئن شپ کے بہترین انتظامات کریں تاکہ سائیکلنگ کے فینز کو بھی اچھی سائیکلنگ ہوتی ہوئی دکھائی دے۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری معظم خان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ہونگے۔ اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر بین الالصوبائی رابطہ کمیٹی ہونگے ۔ ہماری کوششوں سے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان سائیکلنگ میں ہونے والی ترقی کو سراہا جا رہا ہے۔ فیڈریشن کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کے سائیکلسٹ ورلڈ اور ایشیا میں پاکستان کی نمائندگی کر بھیرہے ہیں، اس چیمپیئن شپ سے بھی نئے ٹیلنٹ کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان سائیکلنگ ٹیم کی کارکردگی اچھی سے اچھی رہے۔