پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی امپائر علیم ڈار کے تین فیصلے غلط ثابت ہوئے جس کے بعد وہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے۔امپائر علیم ڈار دنیا بھر میں اپنے صحیح فیصلوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ علیم ڈار کے فیصلوں کو چیلنج کرنا انتہائی مشکل ہے لیکن ملتان میں اس سے کچھ مختلف ہوا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاک انگلینڈ میچ کے پہلے سیشن میں ابرار احمد کی شاندار بولنگ نے انگلش ٹیم کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹا دیے۔تاہم ابرار کی 3 گیندوں پر جب بولر اور پاکستانی ٹیم کی جانب سے اپیل کی گئی تو علیم ڈار نے ناٹ آئوٹ قرار دیا، کپتان بابر اعظم نے ریویو لیا تو کھلاڑی آئوٹ تھا۔ایسے میں علیم ڈار ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے اور لوگوں نے ان پر ڈھیروں میمز بنا ڈالیں
اس کے علاوہ کچھ لوگوں نے تبصرے بھی کیے۔ایک ٹوئٹر صارف نے حیرانی والا ایموجی استعمال کرتے ہوئے لکھا ‘یہ دنیا میں کیا ہورہا ہے؟ علیم ڈار کے فیصلے غلط اور بابر کے ریویوز صحیح ہو رہے ہیں’۔فرید خان نے کہا ‘علیم ڈار کو ایک ہی اوور میں دو مرتبہ اپنے فیصلے تبدیل کرنا پڑے، میں نے بہت کچھ دیکھ لیا زندگی میں’۔سحرش نامی صارف نے کہا ‘علیم ڈار کے ایک ہی اوور میں دو بار فیصلہ تبدیل کرنے کے بعد اب کیا دیکھنا رہ گیا ہے؟ اب ایلین ہمارے سیارے پر آئیں گے’۔ایک اور صارف نے کہا ‘علیم ڈار گزشتہ شب سوئے نہیں، عجیب چیزیں ہورہی ہیں’۔صبا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ‘یہ پاکستان کے لیے اچھی صبح ہے لیکن علیم ڈار کے لیے صدمے والی صبح ہے’۔