پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی کیلئے وہ کھلاڑی منتخب نہیں ہوگا جس کا اسٹرائیک ریٹ 130 یا 135 سے اوپر نہ ہو۔نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے بطور چیف سلیکٹر جاب کو مشکل قرار دیا اور کہا کہ مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے ون ٹو ون ملاقات کررہا ہوں، کئی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہوں، جاب مشکل ہے کیوں کہ اس کرسی پر بیٹھ کر ہر ایک کو خوش کرنا مشکل کام ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی کیلئے کہہ دیا ہے کہ وہ کھلاڑی منتخب نہیں کیا جائیگا جس کا اسٹرائیک ریٹ 130 یا 135 سے اوپر نہ ہو، ہماری جاب ہے جس کیلئے مختلف چیزیں شیئر کی جارہی ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اچھی انڈرسٹینڈنگ پیدا ہورہی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیلئے تیار کی گئی پچز پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا ابھی بھی پچز سے مطمئن نہیں ہوں، میں نے گرانڈ مین سے کہا تھا کہ مجھے بانسی ٹریک چاہیے آپ تیار کرسکتے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ ہم تیار کرلیں گے۔عبوری چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ جن چیزوں پر ہم کھیل رہے ہیں اس کا فائدہ نہیں ہے اس میں بولرز کو محنت کر پڑرہی ہے رنز ہورہے ہیں، اگر ہم اپنے گھر میں ہی تیاری نہیں کریں گے تو ہم باہر جاکر جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی پچز پر کیا کریں گے، ہمیں مستقبل کو دیکھنا ہے، نئے آنے والے کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے لہذا کافی ساری چیزیں ڈسکشن میں ہیں۔