ہوم سیزن میں مایوس کن نتائج کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت اور اس کی مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہوم سیزن کے اختتام پر ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ تینوں فارمیٹ کے لیے الگ الگ کپتان بنانا چاہتا ہے۔ذرائع کے مطابق بورڈ بابر اعظم کو صرف ایک فارمیٹ کا کپتان رکھنے پر غور کر رہا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کا شان مسعود کو ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان بنانے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 کے بعد تینوں فارمیٹ میں قیادت کا فیصلہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے معاہدے کی مدت بھی فروری میں مکمل ہوجائے گی۔واضح رہے کہ اس وقت تینوں فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔اس کے علاوہ حال ہی میں انگلینڈ نے بھی پاکستان کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ شکست دی تھی۔