پہلی خیبرپختونخوا بیڈمنٹن لیگ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی جس میں صوبے کی چھ بہترین ٹیموں شرکت کررہیں ہیں، لیگ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان نے کیا ان کے ہمراہ، ریجنل سپورٹس آفیسر وچیف کوچ شفقت اللہ ایڈمن آفیسر پشاور سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ، صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امجد خان،ایڈمنسٹریٹر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس شاہ فیصل، انٹر نیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی مراد علی، قاری عدنان، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے بیڈمنٹن کوچز ندیم خان حیات اللہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں۔
بیڈمنٹن لیگ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تعاون سے پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے جس میں خیبرپختونخوا کی چھ ٹیمیں جن میں پشاور فالکن، بنوں گرین، دیر رائل، کے پی پولیس، فیوچر چیمپئنز کے پی، جے جے سپورٹس پشاور کی ٹیمیں شامل ہیں بیڈمنٹن لیگ30 جنوری تک جاری رہیگی۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخواہ خالد خان نے کہا کہ صوبے کھیلوں کے فروغ وترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں،ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پر 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور انشاء اللہ جون تک باقی کام بھی مکمل ہوجائیگا
اس طرح قیو م سپورٹس کمپلیکس فٹبال گراؤنڈ کی اپ گریڈیشنپر بھی کام جاری ہے اسکے علاوہ کھیلوں کے مختلف مقابلے اسکیمز کے مطابق جاری رہینگے جس میں انٹر مدارس گریمز اور خصوصی افراد کے مقابلے فرور ی اور مارچ میں منعقد ہونگے۔اس موقع پر لیگ کے آرگنائزنگ سیکرٹری ندیم خان اور حیات اللہ نے کہا کہ لیگ کا مقصد فروری میں منعقد نیشنل جونیئر وسینئر چیمئن شپ کیلئے کھلاڑیوں کی تیاری ہے جس میں جونیئرز کو سینئر ز کھلاڑیوں سے بہت کوچ سیکھنے کو ملے گا انہوں نے کہا اس لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد بہت جلد پاکستان بیڈمنٹن لیگ کا بھی انعقاد کیاجائیگا۔
انہوں نے اس لیگ کے انعقاد میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس لیگ کے انعقاد میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ امید ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین بیڈمنٹن کو بہترین میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
اس لیگ میں نیشنل چیمپئن مراد علی، ساؤتھ ایشین چیمپئن قاری عدنان، نیشنل جونیئر کھلاڑی محمد زید، انڈر 19 کے عمر جہانگیر، انڈر15کے چیمپئن فہد احمد، انڈر 13 چیمپئن نجم ثاقب، انڈر16 چیمپئن تیمورخان کے علاوہ شعیب ریاض، عبداللہ لطیف، ذوہیب خان خلیل، طاہر خان، عزیر خان، حمزہ خان، افنان خان سمیت کئی جونیئر اور سینئر کھلاڑی شامل ہیں۔