پشاور(سپورٹس رپورٹر) پشاور پریس کلب کے زیراہتمام زلمی میڈیا کرکٹ لیگ میں مردان زلمی کی ٹیم سیمی فائنل میں ایبٹ آباد زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا
گزشتہ روز ہونیوالے سیمی فائنل کے موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر گل مجید مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک، جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی، ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج یونیورسٹی علی ہوتی،سپورٹس کمیٹی کے چیئر مین ظفر اقبال، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز سمیت آرگنائزنگ کمیٹی اور دیگر شخصیات موجود تھیں
پشاور زلمی کے تعاون سے اسلامیہ کالج کرکٹ گراؤنڈ پر جاری ٹی ٹن میڈیا کرکٹ لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں ایبٹ آباد زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 10 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز سکور کئے شیخ اشفاق چوبیس رنز کیساتھ نمایاں رہے‘ جواب میں مردان زلمی نے ہدف چار وکٹوں پر حاصل کرلیا
مردان زلمی کی جانب سے اوپنر یاسر علی اکتیس اور صدیق بنگش 33 رنز کیساتھ نمایاں رہے اس طرح مردان زلمی کی ٹیم نے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا،صدیق بنگش کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا۔اس موقع اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر گل مجید نے مین آف دی میچ کو ایوارڈ دیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کے ایونٹس سے صحافیوں اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو مواقع ملے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہنا چاہئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کھیلوں کو سپورٹ کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کھیلوں کے فروغ و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔