نیشنل نیٹ بال چیمپین شپ میں پاکستان آرمی نے مردوں جبکہ پاکستان واپڈا نے خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین ظفر اقبال اعوان تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، سینئر نائب صدر ثمین ملک اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
گزشتہ روز لیاقت جمنازیم اسلام آباد کھیلے گئے مردوں کے فائنل میچ میں پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو 27-30 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرکے چیمپین ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 25، 25 پوائنٹس برابر رہیں۔ بعد میں چھ منٹ دیئے گئے جس پر پاکستان آرمی نے 27-30 پوائنٹس نے کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان آرمی کی جانب سے اقبال نے 17 اور وسیم نے 13 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ پاکستان واپڈا کی جانب سے زین حسین نے 27 پوائنٹس حاصل کئے۔ چیمپئن شپ میں خواتین کے کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پاکستان واپڈا نے سندھ کو 7-16 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے
پاکستان واپڈا کی جانب سے نیشا سلطان نے 11 پوائنٹس اور سندھ کی جانب سے قرت العین نے 7 پوائنٹس حاصل کئے۔ فائنل سے قبل لیاقت جمنازیم میں کھیلے گئے مردوں کے ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے کھیلے گئے میچ میں پاکستان ائیرفورس نے پاکستان نیوی کو 13-23 پوائنٹس سے ہرادیا۔
پاکستان ائیرفورس کی جانب سے اختر نے 23 پوائنٹس جبکہ پاکستان نیوی کی طرف سے بابر منان نے 13 گول کئے۔ خواتین کی تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے ہائرایجوکیشن کمیشن کو 18-30 پوائنٹس سے ہرادیا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے عائشہ نے 24 پوائنٹس جبکہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی طرف سے خدیجہ نے 12 پوائنٹس حاصل کئے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے بارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔