لاہور قلندر نے ہاکی کے مستقبل کا بیڑہ اٹھانے کا اعلان کردیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں نیوز کانفرنس کے دوران لاہور قلندر نے ہاکی کی بحالی کا پلان پیش کردیا، پریس کانفرنس میں وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین، لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ افریدی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور قلندر سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حافظ عبدالہادی بلو، پی ایچ ایف کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ، ارکان سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی، اولمپیئن شکیل عباسی سمیت دیگر ارکان، اولمپیئن حنیف خان، پی ایچ ایف کے چیف کوآرڈینیٹر پاکستان ہاکی فیڈریشن کراچی کیمپ میجر ریٹائرڈ شاہنواز علی پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رائے عثمان اکبر کھرل، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اکبر قائم خانی، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

 

عاطف رانا نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پیلئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کراچی لاہور سیریز سے قبل کراچی کی ٹیم کے لئے 17 فروری کو اوپن ٹرائلز کا انعقاد کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں کیا جائے گا، جس کے بعد لاہور میں ٹرائلز ہونگے، قومی کھیل کو نیا خون دینے کے لئے شہر شہر ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کریں گے، کرکٹ کی طرح ہاکی کے لئے پورے پاکستان سے نوجوان منتخب کرنے کے بعد ہائی پرفارمنس سینٹر میں انہیں تربیت فراہم کریں گے، کوشش ہے کہ 22 سے 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں بنائیں، منتخب کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں تاہم ٹیلنٹ غریب آدمی کے پاس ہے، حیدر حسین اور حکومت سندھ کے ساتھ مل کر ہاکی کی بحالی کے پروگرام کا مقصد قومی کھیل کی خدمت ہے، شاہین شاہ آفریدی ہاکی کے لئے لاہور قلندر کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کریں گے، سندھ حکومت کی جانب راغب کرنے میں حیدر حسین کے ساتھ صوبائی وزیر سعید غنی کا کردار بہت اہم ہے،

 

 

اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ نے کہا لاہور قلندر اور حیدر حسین کا پلان جاننے کے بعد نفع نقصان کا سوچے بغیر قومی کھیل کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا، سندھ حکومت ہاکی کی بحالی کے لئے حیدر حسین کے ساتھ کھڑی ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے تاہم اب اسے سب بھول چکے ہیں، جس کھیل کو سب نے بھلا دیا اسے سندھ حکومت نے یاد رکھا ہے، ضرورت پڑی تو ہاکی کے لئے حکومت پنجاب سے بھی بات کریں گے، عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لئے پہلے مرحلے میں چالیس کروڑ روپے جاری کرنے کے لئے محکمہ فنانس کو خط لکھ دیا ہے،

 

 

لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، لاہور قلندر کا پلان بہت زبردست ہے، ہاکی لیجنڈ کے ساتھ مل کر قومی کھیل کی بحالی کے لئے کام کرنے کا خواہشمند ہوں،لاہور قلندر کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیمیں غیر ملکی کوچز سے نہیں سسٹم سے بنتی ہیں، ہاکی کے لئے بہترین کوچز کا انتخاب کریں گے، کوچنگ مختلف مراحل سے گزرنے کا نام ہے، کھلاڑیوں کو فوکس، بہترین فوڈ اور پریکٹس کی سہولت مل جائے تو وہ خود بخود اسٹار بن جاتا ہے۔

error: Content is protected !!