پشاور(سپورٹس رپورٹر)وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مرد کھلاڑیوں کے والی بال ٹرائلز بنوں سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئے جس میں 100 سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں‘ اس موقع پر آر ایس ریجنل سپورٹس آفیسر شفقت اللہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے باضابطہ افتتاح کیا ان کے ہمراہ‘ ڈی ایس او عادل شاہ‘ایڈمنسٹریٹر بنوں سپورٹس کمپلیکس احسان اللہ‘ ڈائریکٹر فاصلاتی نظام تعلیم ڈاکٹر نورزادہ‘ سابق کپتان اور نیشنل سلیکٹر عبدالرحیم‘ نیشنل کوچ ہدایت اللہ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کومنتخب کیاجائیگا۔ جس میں کوالیفائیڈ کوچز کے زیر نگرانی مزید ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام وزیراعظم کے پروگرام کی سربراہ شیزا فاطمہ‘ وزیراعظم کے مشیر امیر مقام‘ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد‘ عارف روان‘ڈی جی ایچ ای سی جاوید علی میمن‘ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم کی کوششوں کی وجہ سے جاری ہے۔ شیڈو ل کے مطابق بنوں ریجن میں مردوں کے ٹرائلز آج نو مارچ تک بنوں سپورٹس کمپلیکس میں جاری رہیں گے۔
ٹرائلز کے بعد منتخب ہونیوالے کھلاڑیوں کو کوچنگ کیمپ میں قابل کوچز کی زیر نگرانی ٹریننگ کروائی جائے گی اور پراونشل لیگ میں کھیلنے کا موقع ملے گا اس سلسلے میں آر ایس او شفقت اللہ اورسابق کپتان و نیشنل سلیکٹر عبدالرحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرائلز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں‘ٹرائلز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔