افغانستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر شارجہ میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کرے گا۔یہ ٹی 20 سیریز دونوں ممالک کے درمیان پہلی دو طرفہ کرکٹ سیریز ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے کہا کہ ان کی ہوم سیریز کا آغاز پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے ہوگا۔ایک بیان میں بورڈ نے کہا کہ ’افغانستان کے بین الاقوامی ہوم سیزن برائے سال 24-2023 کا آغاز پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچز کی سیریز سے ہوگا جو 25، 27 اور 29 مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم مارچ میں افغانستان کے ساتھ کھیلنے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، یہ دونوں ہمسایہ ممالک کے لیے نمایاں کامیابی ہے۔خیال رہے کہ افغانستان پاکستان میں کثیر المکی سیریز میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 4 ون ڈے میچز کھیل چکا ہے جس میں کسی ایک میں اسے کامیابی نہیں ملی۔تاہم یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی دو طرفہ سیریز ہوگی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے سیریز کا خیر مقدم کیا۔پی سی بی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین افتتاحی ٹی 20 سیریز رواں ماہ کے اختتام پر اس شہر میں کھیلی جائے گی جہاں بڑی تعداد میں تارکین وطن رہتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ دونوں ممالک کے کرکٹرز کی حمایت کی‘۔