پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی افغانستان نے پاکستان کو سات وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دیکر سیریزمیں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے ٹی ٹوئنٹی کی طرح آج بھی پاکستان کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور سوائے عماد وسیم اور کپتان شاداب کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا
پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، عماد وسیم 64 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شاداب خان نے 32 رنز سکور کئے، افغانستان کی جانب سے فضل اللہ فاروقی نے دو جبکہ نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں افغانستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا، افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 44، ابراہیم زردان نے 38، نجیب اللہ زردان نے 23 رنزناٹ آئوٹ بنائے، پاکستان کی جانب سے زمان خان اور احسان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔