بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوروں کے لیے پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے کیمپ آج اختتام پذیر ہوگئے۔
سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 سے 18 اپریل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، جبکہ عمران بٹ کی زیر قیادت شاہینز نے کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 11 روز پریکٹس کی۔
پاکستان انڈر 19 کیمپ کے دوران، 17 رکنی اسکواڈ اور تین ریزرو کھلاڑیوں نے مختلف تربیتی سیشنز میں حصہ لیا جس میں دو پریکٹس میچز اور ایک ٹارگٹڈ میچ بھی شامل تھا، جو ایل سی سی اے گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔
پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ اور چار ریزرو کھلاڑیوں نے مختلف تربیتی مشقوں میں حصہ لیا اور ہائی پرفارمنس سنٹر کے اوول گراؤنڈ میں ٹارگٹڈ میچز بھی کھیلے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم 26 اپریل کو لاہور سے بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہوگی، جہاں ٹیم 30 اپریل سے 17 مئی تک ایک چار روزہ، پانچ 50 اوورز میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
پاکستان شاہینز 3 سے 27 مئی تک زمبابوے میں دو چار روزہ اور چھ ایک روزہ میچز کھیلنے کے لیے 30 اپریل کو لاہور سے زمبابوے کے لیے روانہ ہوگی۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ
کیمپ میں بنگلہ دیش کے دورے کی تیاریاں اچھی رہی اور ہم سیریز میں اچھا نتیجہ دینے کے خواہاں ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ سیریز میں جس کھلاڑی کو بھی موقع ملے گا وہ اپنی 100 فیصد کارکردگی دے گا اور اپنی صلاحیتوں سے دکھائے گا کہ وہ پاکستان ٹیم کے لیے کیوں کھیلنے کا مستحق ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ہماری پچھلی سیریز اچھی نہیں رہی تھی، ہم نے کیمپ میں اپنی غلطیوں کو دور کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اس بارے میں کوچز سے بات کی ہے۔
ہم نے جو کچھ یہاں کیمپ سے سیکھا ہے اسے بنگلہ دیش میں سیریز میں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان شاہینز کے کپتان عمران بٹ
ہم نے زمبابوے سیریز کے لیے خود کو اچھی طرح سے تیار کیا ہے۔
کیمپ کے دوران، کھلاڑیوں نے مختلف پریکٹس گیمز میں حصہ لیا تاکہ وہاں ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں میچوں میں خود کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔
میں خوش قسمت ہوں کہ پاکستان شاہینز نوجوان اور پرجوش کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سینئر کھلاڑی پر مشتمل ہے ۔
مجھے اور ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ یہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جس کا مستقبل قریب میں پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔