نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دےدی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 164 رنز کے تعاقب میں 159 رنز بناسکی۔
افتخار احمد کی دھواں دار 60 اور فہیم اشرف کی 27 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکی۔
اوپنر محمد رضوان 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر ایڈم ملنے کو وکٹ دے بیٹھے۔
صائم ایوب 10 رنز بنا کر جمی نیشم کا نشانہ بنے، شاداب خان 16 اور عماد وسیم تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاہین شاہ آفریدی کو 6 رنز پر سودھی نے آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے اور رچن رویندرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایش سودھی اور جمی نیشم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان کو جیت کے لئے 164 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے، کپتان ٹام لیتھم نے 64 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، ڈیرل مچل 33 اور مارک چیمن 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔