نیشنل گیمز کی مشعل’ پشاور شہر کی سیر کے بعد ائر کمانڈ پاکستان ائرفورس کے حوالے.

 

نیشنل گیمز کی مشعل ریلی پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور تاریخی مقامات پر لے جائی گئی
صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نے مشعل ائروائس مارشل حاکم رضا ستارہ امتیاز ملٹری‘ائر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائر کمانڈ پاکستان ائرفورس کے حوالے کی

پشاور(سپورٹس رپورٹر)بارہ مئی سے کوئٹہ میں شروع ہونیوالی 34 ویں نیشنل گیمز کی مشعل ریلی پی اے ایف ایئر بیس پشاور سے ہوتے ہوئے پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور تاریخی مقامات پرلے جائی گئی‘پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے ریلی کی قیادت کی

ان کے ہمراہ سیکرٹری اولمپک ذوالفقار بٹ‘ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان تنویر انٹرنیشنل ایتھلیٹس مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیدار‘کھلاڑیوں کی بڑی تعداد سمیت ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے افسران اور اہلکار شامل تھے‘ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں مشعل کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے انٹرنیشنل ریسلر نعمت اللہ کو دی‘مشعل کو روایتی تانگوں کے ذریعے سفر کرایا گیا جو پشاور سپورٹس کمپلیکس سے ہوتی ہوئی سنہری مسجد‘ میوزیم‘ قلعہ بالاحصار‘ ہشتنگری‘ نشترآباد‘ لاہوری گیٹ‘ گورگٹھڑی اور پھر اسے محلہ سیٹھیان لایا گیا

جہاں تقریب کا انعقاد کیا گیا‘اس کے بعد پشاور سپورٹس کمپلیکس سے مشعل انٹرنیشنل باکسر ہادیہ نے پی اے ایف بیس پشاور شاہین گیٹ پر کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ کو دی جنہوں نے پی اے ایف بیس میں مشعل ائروائس مارشل حاکم رضا ستارہ امتیاز ملٹری‘ائر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائر کمانڈ پاکستان ائرفورس کے حوالے کی جنہوں نے اسے پی اے ایف کے چاک و چوبند دستے کو حوالے کیا

انہوں نے نیشنل گیمز میں شریک کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں نے سنوکر‘سکواش‘کرکٹ اور ہاکی میں دنیا پر راج کیا اور اب بھی ہمارے ایتھلیٹ دنیا بھر میں کامیابیاں حاصل کررہے ہیں بلوچستان حکومت سمیت تمام آرمڈ فورسز اور حکومت پاکستان نیشنل گیمز کے انعقاد پر مبارکباد کی

مستحق ہیں کھلاڑیوں کو ان گیمز میں بھرپور شرکت کرکے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہئے‘اسکے بعد مشعل کو گورنرہاؤس پشاور لایا گیا جہاں خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی‘تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ اورسیکرٹری ذوالفقار بٹ نے کہا

کہ نیشنل گیمز کی مشعل کو پشاور شہر کے تاریخی مقامات سے گزارنے کا مقصد عوام میں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے شروع کی جانیوالی گیمز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے

اور اس کیساتھ ان گیمز کے امن کے پیغام کو اجاگر کرنا تھا انہوں نے کہا کہ گیمز کے انعقاد کا مقصد ہی اتحاد اور امن ہے اسی موٹو کے تحت یہ گیمز منعقد کی جاتی ہیں اور اس پیغام کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

 

 

 

 

error: Content is protected !!