گرانٹ بریڈبرن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر.

 

گرانٹ بریڈبرن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور،13 مئ 2023 :

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کو دوسال کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ان کی تقرری اس طریقہ کار کے تحت کی گئی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اختیار کیا تھا۔

گرانٹ نریڈ برن نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں کنسلٹنٹ کے طور پر ذمہ داری نبھائی تھی۔ یہ ون ڈے سیریز پاکستان نے چار ایک سے جیتی تھی پاکستانی ٹیم چوتھا میچ جیت کر عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو دو سے برابر رہی تھی۔

گرانٹ بریڈبرن اس سے قبل 2018 سے 2020 تک پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں اس کے بعد انہوں نے قومی کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بریڈبرن اسکاٹ لینڈ کے ہیڈکوچ بھی رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہیں بریڈبرن کو ہیڈ کوچ مقرر کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے وہ انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں چونکہ وہ اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ رہ چکے ہیں لہذا وہ ہمارے کلچر کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس سال ورلڈ کپ کھیلنا ہے اس تناظر میں پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے ایک پلئینگ اسٹائل پیش کردیا ہے جو پاکستان وے کہلائے گا اسی اسٹائل کے تحت پاکستانی ٹیم اٹیکنگ اور مثبت حکمت عملی اختیار کرے گی۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کھیلے گی جس میں ٹیم کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملے گا اور ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

گرانٹ بریڈبرن کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسی باصلاحیت اور مہارت کی حامل ٹیم کے ساتھ کام کرنا ان کی لیے اعزاز ہے ہم اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ وہ اور مکی آرتھر بہت زیادہ پرجوش ہیں کہ اپنے کھلاڑیوں کی مدد کریں۔

گرانٹ بریڈبرن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بہت اہم رہی جس سے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کے رول کلچر اور جیت کے برانڈ کو سمجھنے میں مدد ملی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے توقعات کا معیار بلند کیا اور ہم اہنے کھلاڑیوں کو اسی طرح چیلنج دیتے رہیں گے یہ عمل شروع ہوچکا ہے اور ہمارے کھلاڑی ان چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔

ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ٹیم کسی کلچر برانڈ اور اسٹائل کے بغیر جیت لیتی ہے تو یہ مختصر وقت کے لیے ہوتا ہے لیکن اگر کوئی ٹیم کسی کلچر برانڈ اور اپے اسٹائل کے ساتھ ہارتی بھی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ درست سمت میں جارہی ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان وے اسی صورت میں حاصل کرسکتے ہیں کہ اپنے کلچر اور کرکٹ برانڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کریں۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان اور پاکستان کی کرکٹ سے پیار ہے اور وہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے ایک ایسی لیگیسی چھوڑنا چاہتے ہیں کہ دنیا کہے کہ وہ پاکستان کے انداز سے کھیلنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے منیجر ریحان الحق کا کہنا ہے کہ ہماری کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم میدان اور میدان سے باہر کتنا ساتھ ہوکر کام کرتے ہیں۔

error: Content is protected !!