ایشین ویمن بیس بال چیمپیئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز; پہلے میچ میں میزبان ہانگ کانگ کو 16-1 رنزسے شکست دیدی۔

 

 

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)تیسری ایشین ویمن بیس بال چیمپیئن شپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز،اپنے پہلے میچ میں میزبان ہانگ کانگ کو 16-1 رنزسے شکست دیدی۔

 

چیمپیئن شپ کے پہلے روز انڈیا نے تھائی لینڈ کو 9-8رنز جبکہ انڈونیشیا نے سری لنکا کو 24-3رنز سے ہرا دیا۔ تیسری ایشین ویمن بیس بال چیمپیئن شپ (ویمن بیس بال ایشیاکپ) کا آغاز گزشتہ روزہانگ کانگ میں ہوا،

پہلے روز 3میچز کھیلے گئے۔ پاکستان نے میزبان ملک ہانگ کانگ کو ایک کے مقابلے میں 16رنز سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے علینہ مسعود نے 4، زاہدہ غنی نے 3، عائشہ اعجاز، آرِم برکت اور تسمیہ رباب نے 2،2جبکہ ثنا عروج، مناہل احمد اورنجمہ ظفر نے ایک، ایک سکور کیا۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ بی بی نے شاندار پچنگ کا مظاہرہ کیا۔ ہانگ کانگ کی جانب سے واحد سکور ڈیبی سویی میک نے کیا۔ اس طرح چوتھی اننگ کے خاتمے پر پاکستان نے میچ 16-1رنز سے جیت لیا۔

آج 22مئی کو پاکستان اپنا دوسرا میچ سری لنکا جبکہ کل 23مئی کو تیسرا میچ انڈونیشیا کیخلاف کھیلے گا۔

پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سیدفخر علی شاہ نے شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

 

 

تعارف: News Editor