پی ایس بی کی بنائی گئی کمیٹی نے تاحال لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کا دورہ نہیں کیا
لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کے نئے ٹرف پر اعتراضات کے بعد کمیٹی بنائی گئی ،دو ماہ سے زائد عرصے سے خاموشی چھائی ہوئی ہیں
پشاور..صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کی چیکنگ کیلئے بنائی گئی پاکستان سپورٹس بورڈ کی پانچ رکنی کمیٹی جس میں چار اراکین پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین ہیں نے تاحال لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کا دورہ نہیں کیا ،
اس کمیٹی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ کو بھی شامل کیا گیا ہے.
سید ظاہر شاہ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے کنٹریکٹر کی جانب سے لگائے جانیوالے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کے نئے ٹرف ، بیس ، گول پوسٹ کے غیر معیاری جنگلوں کی تنصیب پر اعتراض کیا تھا
جس کے بعد پی ایس بی نے اس کیلئے کمیٹی قائم کی تھی جو کہ رمضان المبارک میں بنائی گئی تھی تاہم دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال پی ایس بی اسلام آبادکی مجوزہ کمیٹی نے پشاور کے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کا دورہ نہیں کیا
اور نہ اس حوالے سے رپورٹ تیار کی ہیں کہ اس میں غیر معیاری کام کتنا ہوا ہے ، واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کنٹریکٹر جو آج کل کینیڈا کی نیشنلٹی ہولڈر ہیں نے پشاور میں ہاکی ٹرف کو بچھانے کا کنٹریکٹ لیاتھا اور چھ ماہ کے بجائے ایک سال میں یہ ٹرف بچھایا گیا
جس پر تین ماہ بعد ہی جھریاں بننی شروع ہوگئی ہیں.صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم کی حوالگی کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے تاحال اپنی رپورٹ جمع نہیں کروائی ،
جبکہ خاتون ڈائریکٹریس رشیدہ غزنوی نے پی ایس بی کی جانب سے بچھائے جانیوالے ٹرف پر اعتراضات کے حوالے سے اپنی رپورٹ سابق ڈی جی سپورٹس کو جمع کروا دی تھی
جس میں غیر معیاری کام کی نشاندہی بھی کی گئی تھی تاہم سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان نے اس معاملے میں انجنیئرنگ ونگ کے سربراہ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا
جنہوں نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کروانی تھی لیکن تاحال اس ٹرف کے حوالے سے کوئی رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی.