چوتھا ون ڈے : زمبابوے سلیکٹ نے پاکستان شاہینز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

چوتھا ون ڈے : زمبابوے سلیکٹ نے پاکستان شاہینز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ کریگ ارون ، جوئے لارڈ گمبی اور عمیر بن یوسف کی سنچریاں

ہرارے، 23 مئی 2023:

 

عمیر بن یوسف کی ایکروزہ کرکٹ میں پہلی سنچری رائیگاں گئی اور زمبابوے سلیکٹ نے کریگ ارون اور جوئے لارڈ گمبی کی سنچریوں کی بدولت پاکستان شاہینز کے خلاف چوتھا ون ڈے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس طرح زمبابوے سلیکٹ نے چھ میچوں کی سیریز میں تین ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پہلے دو میچ زمبابوے سلیکٹ نے جیتے تھے جبکہ تیسرا میچ پاکستان شاہینز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پانچ رنز سے جیتا تھا۔

 

زمبابوے سلیکٹ کے کپتان ویلنگٹن مازاکادزا نےٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی یہ اس سیریز میں پہلا موقع تھا کہ پاکستان شاہینز نے ٹاس ہارکر پہلے بیٹنگ کی۔

پاکستان شاہینز نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنائے جس میں عمیربن یوسف کے153 رنز نمایاں تھے۔

جواب میں زمبابوے سلیکٹ نے مطلوبہ اسکور 48 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی تین وکٹیں55 رنز پر گرگئی تھیں۔ محمد حریرہ 17۔ حسیب اللہ خان22 اور صائم ایوب کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عبدالواحد بنگلزئی صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

عمیر بن یوسف اور کامران غلام نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز کا اضافہ کیا۔ کامران غلام 5 چوکوں کی مدد سے55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

عمیربن یوسف نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 126گیندوں پر153 رنز اسکور کیے جن میں 14چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

یہ ان کی ایکروزہ کرکٹ میں پہلی سنچری ہے اس سے قبل ان کا بہترین انفرادی اسکور99 ناٹ آؤٹ تھا جو انہوں نے 2022ء میں سندھ کی طرف سے ناردن کے خلاف بنایا تھا۔

زمبابوے سلیکٹ کی طرف سے فاسٹ بولر براڈ ایونز نے 62 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گرگئی جب شاہنواز دھانی نے مارومانی کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا لیکن اس کے بعد کریگ ارون اور جوئے لارڈ گمبی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں شاندار 277 رنز بناکر جیت کی بنیاد رکھ دی۔

کریگ ارون نے 99 گیندوں پر12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی سنچری مکمل کرتے ہی انہوں نے حسین طلعت کو لگاتار تین چوکے لگائے۔

یہ کریگ ارون کی 201ویں ایکروزہ میچ میں گیارہویں سنچری ہے۔ انہوں نے ایکروزہ میچوں میں اپنے چھ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ 144گیندوں پر 19چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے161 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میزبان ٹیم جیت سے صرف 11 رنز دور رہ گئی تھی۔

285کے اسکور پر ہی شاہنواز دھانی نے جوئے لارڈ گمبی کو بھی 111 رنز پر آؤٹ کردیا ان کی اننگز میں دس چوکے شامل تھے۔ یہ گمبی کی ایکروزہ کرکٹ میں پہلی سنچری ہے۔

زمبابوے نے جب 47اعشاریہ 3 اوورز میں میچ جیتا تو ویزلی مدھیویر9 اور ملٹن شومبا 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

شاہنواز دھانی نے 60رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا پانچواں میچ جمعرات کے روز کھیلا جائے گا۔

 

مختصر اسکور۔

پاکستان شاہینز 295رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) عمیر بن یوسف 153۔ کامران غلام 55۔براڈ ایونز 62/5 وکٹ۔

زمبابوے سلیکٹ 299 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ۔( 47 اعشاریہ 3اوورز ) کریگ ارون 161 ۔ جوئے لارڈ گمبی 111 ۔ شاہنواز دھانی60/2 وکٹ

 

 

 

 

 

error: Content is protected !!