پانچواں ون ڈے : پاکستان شاہینز کی زمبابوے سلیکٹ کے خلاف 177 رنز سے جیت

 

 

پانچواں ون ڈے : پاکستان شاہینز کی زمبابوے سلیکٹ کے خلاف 177 رنز سے جیت،

عمیربن یوسف کے89 رنز ناٹ آؤٹ۔

ہرارے، 25 مئی 2023:

پاکستان شاہینز نے زمبابوے سلیکٹ کے خلاف پانچواں ون ڈے 177 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر314 رنز بنائے جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔

 

زمبابوے سلیکٹ کی ٹیم31 اعشاریہ 4 اوورز میں 137رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

چھ میچوں کی سیریز میں یہ پاکستان شاہینز کی دوسری کامیابی ہے۔ زمبابوے سلیکٹ نے تین میچ جیت رکھے ہیں ۔ چھٹا اور آخری میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔

پاکستان شاہینز میں عمران بٹ، مہران ممتاز اور روحیل نذیر کی محمد حریرہ، مبصرخان اور عبدالواحد بنگلزئی کی جگہ واپسی ہوئی تاہم قیادت کی ذمہ داری حسین طلعت نے نبھائی۔

زمبابوے کی ٹیم چھ تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔ سکندر رضا سیریز میں پہلی بار کھیلے۔ ویلنگٹن مازاکادزا کی جگہ قیادت شان ولیمز کو سونپی گئی ۔شان ولیمز نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی۔

عمران بٹ اور حسیب اللہ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کو 139رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ حسیب اللہ 77 گیندوں پر 9چوکوں کی مدد سے 62 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

صرف ایک رن کے اضافے پر عمران بٹ کی وکٹ بھی گری جو 65 گیندوں پر 64رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی روحیل نذیر تھے جو عمیر بن یوسف کے ساتھ 55 رنز کی شراکت قائم کرکے 16 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کامران غلام 12 اور حسین طلعت 7 رنز بناپائے۔قاسم اکرم نے سات گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے13 رنز اسکور کیے۔

عمیر بن یوسف نے اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری 52 گیندوں پر مکمل کی جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
وہ 87 گیندوں پر 7چوکوں اور چھکے کی مدد سے 89 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔

عمیر بن یوسف دورے کے دو فرسٹ کلاس میچوں اور تین ون ڈے میچوں میں ابتک مجموعی طور پر 619 رنز بناچکے ہیں جن میں 2 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

عمیر بن یوسف اور عامر جمال کی ساتویں وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بنے۔ عامر جمال نے 18 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان شاہینز کے بولرز کی عمدہ کارکردگی نے میزبان ٹیم کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے نہیں دیا اس کی پہلی تین وکٹیں صرف 45 رنز پر گرگئی تھیں جس کے بعد سکندر رضا اور مارومانی کو مہران ممتاز نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔
وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹیں میزبان ٹیم کو ہدف سے دور کرتی چلی گئیں۔

وکٹ کیپر کلائیو مداندے 41 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
قاسم اکرم نے آف اسپن بولنگ سے صرف 9رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔شاہنواز دھانی نے بھی تین وکٹیں 29 رنز دے کر حاصل کیں۔

مہران ممتاز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عامر جمال اور مہران ممتاز اس دورے میں ابتک مجموعی طور پر انیس انیس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ شاہنواز دھانی سولہ وکٹیں لے چکے ہیں۔

 

مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز 314 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) عمیر بن یوسف89 ناٹ آؤٹ ۔عمران بٹ64 ۔ حسیب اللہ خان 62 ۔
زمبابوے سلیکٹ 137۔آل آؤٹ ۔ ( 31 اعشاریہ 4 اوورز )۔ کلائیو مداندے41 ناٹ آؤٹ قاسم اکرم 9/3 وکٹ ۔شاہنواز دھانی 29/3 وکٹ

 

 

 

 

 

error: Content is protected !!