پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ ٹورنامنٹ ، ۔ بلاسٹرز نے چیلنجرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
ڈیانا بیگ کی چار وکٹیں
بلاسٹرز نے پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کےدوسرے میچ میں چیلنجرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں ڈائنامائٹس نے بلاسٹرز کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کی ڈیانا بیگ کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے 20 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
چیلنجرز کی کپتان عمیمہ سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 40 اوورز میں پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جویریہ خان اور جویریہ رؤف نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز کا اضافہ کیا۔ جویریہ خان نے چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ جویریہ رؤف نے 20 رنز اسکور کیے لیکن اس کے بعد صرف امبر کائنات ڈبل فگرز میں آسکیں انہوں نے15 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔
چیلنجرز کی آخری 8 وکٹیں اسکور میں صرف42 رنز کا اضافہ کرسکیں۔
فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے 8اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیفٹ آرم اسپنر عائشہ بلال نے 9 اوورز میں25 رنزکے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بلاسٹرز کی ٹیم نے35 اعشاریہ3 اوورز میں چار وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
کپتان منیبہ علی نے دو چوکوں کی مدد سے35 رنز بنائے۔ارم جاوید 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں ان کی اننگز میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
دعا ماجد نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
نورین یعقوب نے18 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈیانا بیگ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ ہفتے کے روز ڈائنامائٹس اور چیلنجرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور۔
چیلنجرز ۔ 117 رنز ( 40 اوورز ) جویریہ خان 37 ۔ ڈیانا بیگ 20/4وکٹ۔عائشہ بلال 25/3 وکٹ۔
بلاسٹرز۔ 121 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 35اعشاریہ 3 اوورز ) منیبہ علی 35 ۔ ارم جاوید 25 ناٹ آؤٹ ۔