پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ ٹورنامنٹ ، ڈائنامائٹس نے چیلنجرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

 

 

پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ ٹورنامنٹ ، ڈائنامائٹس نے چیلنجرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا، نشرا سندھو کی عمدہ بولنگ

کراچی، 27 مئی 2023:

 

ڈائنامائٹس نے پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کےتیسرے میچ میں چیلنجرز کو8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

 

یہ اس ٹورنامنٹ میں ڈائنامائٹس کی دوسری کامیابی ہے اس نے پہلے میچ میں بلاسٹرز کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ چیلنجرز کی یہ دوسری شکست ہے۔اسے اپنے پہلے میچ میں بلاسٹر کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

 

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں ڈائنامائٹس کی کپتان سدرہ امین نے ٹاس جیت کر چیلنجرز کو بیٹنگ دی ۔ چیلنجرز کی پوری ٹیم 40.3 اوورز میں 119 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جویریہ رؤف نے دو چوکوں کی مدد سے44 رنز بنائے۔ دوسرا بڑا اسکور کپتان عمیمہ سہیل کا رہا جنہوں نے18 رنز اسکور کیے۔

ڈائنامائٹس کی طرف سے سلو لیفٹ آرم بولر نشرا سندھو نے سات اوورز میں صرف19 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

وحیدہ اختر،عالیہ ریاض اور غلام فاطمہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ڈائنامائٹس نے 28.1 اوورز میں صرف دو وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

کپتان سدرہ امین اور خدیجہ چشتی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 80رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین پانچ چوکوں کی مدد سے42 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔خدیجہ چشتی نے 33رنز اسکور کیے انکی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔ بسمہ معروف 16اور عالیہ ریاض 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

نشرا سندھو اپنی عمدہ بولنگ کے سبب پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ پیر کے روز بلاسٹرز اور ڈائنامائٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 

مختصر اسکور۔
چیلنجرز 119رنز ( 40.3اوورز ) جویریہ رؤف 44۔نشرا سندھو 19/3 وکٹ
ڈائنامائٹس۔ 121رنز2 کھلاڑی آؤٹ ( 28.1 اوورز ) ۔سدرہ امین 42۔خدیجہ چشتی 33۔

 

 

تعارف: News Editor