پی سی بی چار روزہ لیول ٹو امپائرنگ کورسز منعقد کررہا ہے۔

 

پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورسز منگل سے شروع ہونگے

لاہور 29 مئی، 2023:

پاکستان کرکٹ بورڈ منگل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چار روزہ لیول ٹو امپائرنگ کورسز منعقد کررہا ہے۔ان کورسز میں وہ 65 امیدوار شرکت کریں گے جنہہوں نے 2021ء میں لیول ون کورسز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

 

اس کورس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرز پول کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور اس میں کامیاب ہونے والے حضرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیولپمنٹ پینل آف امپائرز میں شامل کرلیا جائے گا جو آنے والے سیزن میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے میچوں میں امپائرنگ کرسکیں گے۔یہ 17-2016 کے بعد پہلا موقع ہوگا کہ امپائرز اس پینل میں شامل کیے جائیں گے۔

 

منگل سے شروع ہونے والے کورس میں شریک امیدواروں کو پہلے تین روز کے دوران ٹریننگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جس کے بعد آخری دن ان کے انٹرویوز اور تحریری امتحان ہوگا۔

 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کورس کے لیے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر احسن رضا، آئی سی سی اور پی سی بی کے انٹرنیشینل امپائرز پینل میں شامل آصف یعقوب اور پی سی بی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ناصر حسین کو ٹرینر مقرر کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرز پینل کے تین درجے ایلیٹ۔ سپلمنٹری اور ڈیولپمنٹ ہیں۔ امپائرز اپنے کریئر کا آغاز ڈیولپمنٹ پینل سے کرتے ہیں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایلیٹ پینل تک پہنچتے ہیں۔

منگل سے شروع ہونے والے کورس میں شریک 65 امیدوار وہ ہیں جو 2021 میں ہونے والے لیول ون امپائرنگ کورس میں شریک ہوئے تھے اور350 امیدواروں میں ساٹھ فیصد نمبر حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے۔

لیول ٹو کورس میں شریک امپائرز کی عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔

 

 

 

error: Content is protected !!