پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ ٹورنامنٹ ، چیلنجرز نے بلاسٹرز کو5 وکٹوں سے ہرادیا، جویریہ رؤف اور عمیمہ سہیل کی 134 رنز کی شراکت۔
کراچی، 31 مئی، 2023:
چیلنجرز نے پاکستان کپ ویمنز ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں بلاسٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں چیلنجرز کی پہلی کامیابی ہے جبکہ بلاسٹرز کی ٹیم اپنا تیسرا میچ ہاری ہے۔
بلاسٹرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں چیلنجرز نے مطلوبہ اسکور 42 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔
اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس چیلنجرز کی کپتان عمیمہ سہیل نے جیتا اور پہلے بلاسٹرز کو بیٹنگ دی۔
ایک موقع پر بلاسٹرز کی تین وکٹیں 42 رنز پر گرگئی تھیں۔ عائشہ ظفر 11 ۔ دعا ماجد 16 اور صائقہ ریاض صفر پر آؤٹ ہوئیں جس کے بعد کپتان منیبہ علی اور ارم جاوید نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 104 رنز کا اضافہ کیا۔
ارم جاوید نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 69 گیندوں پر 49 رنز اسکور کیے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
منیبہ علی نے75 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
یہ دونوں بیٹرز 146 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئیں جس کے بعد بلاسٹرزکی بقیہ بیٹرز اسکور میں 44 رنز کا اضافہ کرپائیں۔
معصومہ جعفری چیلنجرز کی طرف سے سب سے کامیاب بولرثابت ہوئیں انہوں نے 9 اوورز میں 34 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے بھی34 رنز دے کر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
چیلنجرز کی اننگز میں 42 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جویریہ رؤف اور عمیمہ سہیل کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 134 رنز نے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔
جویریہ رؤف 119گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز اسکور کرکے رن آؤٹ ہوگئیں۔
عمیمہ سہیل نے 86گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 75 رنز بنائے ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔
جویریہ رؤف اور عمیمہ سہیل کی وکٹیں لگاتار گیندوں پر 176 کے مجموعی اسکور پر گریں جس کے بعد چیلنجرز نے فریحہ محمود اور کائنات حفیظ کے ذریعے ہدف تک رسائی حاصل کرلی۔
ٹورنامنٹ کا آخری لیگ میچ 2 جون کو ڈائنامائٹس اور چیلنجرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 4 جون کو کھیلا جائے گا۔
مِختصر اسکور ۔
بلاسٹرز 190 رنز آل آؤٹ ۔ ( 45 اوورز ) منیبہ علی 50 ۔ ارم جاوید49 ۔ معصومہ جعفری34/4 وکٹ ۔ سعدیہ اقبال34/3 وکٹ۔
چیلنجرز۔192 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ۔( 41اعشاریہ 2 اوورز ) جویریہ رؤف 82 عمیمہ سہیل 75 ۔ انعم امین 42/2 وکٹ