24ویں خیبر پختونخوا صوبائی شطرنج چمپیئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی

 

 

24ویں خیبر پختونخوا صوبائی شطرنج چمپیئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی ، ممبر بورڈ آف ریونیو عادل شاہ نے افتتاح کیا

پشاور ( سپورٹس رپورٹر ) 24 ویں خیبر پختو نخوا صوبائی شطرنج چمپیئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی، ممبر بورڈ آف ریونیو عادل شاہ نے بساط پر پہلی چال چل کے ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر پاکستان چیس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور خیبر پختو نخوا چیس ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان ، سیکرٹری کاشف سلیم اور فیڈریشن کے نائب صدر اور سیکرٹری فنانس خیبر پختون خواہ بھی موجود تھے۔

 

شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کی مالی معاونت اور خیبر پختونخواہ شطرنج ایسوسی ایشن کے زیر انتظام، ایس ایس کلب یونیورسٹی روڈ پر منعقدہ اس چمپیئن شپ میں پشاور ، چارسدہ ، نوشہرہ ، مردان ، کوہاٹ ، مالاکنڈ ، سوات ، دیر ، شانگلہ ، چترال ، بنوں ، ڈی آئی خان سمیت مختلف اضلاع سے87 سے زائد مرد وخواتین و کم عمر کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی ۔

 

ان مقابلوں میں بچوں کی کٹیگری اور اوپن کٹیگری میں مقابلے ہوئے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عادل شاہ نے کہاکہ ان مقابلوں میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور بچے دیکھ کر خوشی ہوئی کہ خیبر پختونخوا میں شطرنج کا کھیل بھی کافی پسند کیا اور کھیلا جارہا ہے ۔

 

انہوں نے ڈی جی محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کیپٹن ( ر ) خالد محمود سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ شطرنج کے کھیل کو خیبر پختونخوا میں نہ صرف پروموٹ کیاجائے بلکہ اس کھیل کو تعلیمی اداروں میں لازمی قرار دینا چاہئیے ۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی چیس ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان نے کہاہے کہ صوبائی ایسوسی ایشن بغیر حکومتی سرپرستی ہرسال خیبر پختونخوا کے اضلاع اور صوبائی سطح پر ٹورنامنٹس باقاعدگی سے منعقد کروارہی ہے ۔ جبکہ نیشنل لیول کے مقابلوں میں بھی خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو بھیجا جارہا ہیں ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں جتنے بھی مقابلے ہورہے ہیں وہ ورلڈ چیس فیڈریشن ( فیڈے ) کے رولز ریگولیشن کے مطابق ہورہے ہیں اور ان مقابلوں کے رزلٹ ورلڈ چیس فیڈریشن کے ویب سائٹ پر آن لائن دیکھے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کی تعدادِ زیادہ ہونے کے باعث بچوں کی کٹیگری اور اوپن کٹیگری میں بھی مقابلے منعقد کراتے ہیں ۔

ملکی شطرنج فیڈریشن کے مرکزی عہدیدار سیکرٹری فنانس راجہ گوھر اقبال نے خاص طور پر ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور شطرنج کے فروغ کے لیے خیبر پختونخواہ شطرنج ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

 

 

 

دو روز تک جاری رہنے والی اس چیمپئن شپ کے بعد جیتنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات اور ٹرافیاں دی جائیں گی اور نیشنل شطرنج چمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کی تشکیل کی جائے گی۔

 

 

 

تعارف: News Editor