کراچی; ٹیو لی بیل اسپورٹس پرو ایوارڈز“ کا انعقاد، معذور کھلاڑی بھی شامل.

 

 

ٹیو لی بیل اسپورٹس پرو ایوارڈز“ کا انعقاد، معذور کھلاڑی بھی شامل.

ایوارڈز کا مقصد صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، سی ای او نعمان بخاری.

 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اسپورٹس فار آل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام قومی و بین الاقوامی سطح پر نام پیدا کرنے والے کھلاڑیوں اور مختلف شخصیات کو ایوارڈز رواں ماہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ”ٹیو لی بیل اسپورٹس پرو ایوارڈز“ دیئے جارہے ہیں۔

اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہد علی ہاشمی کا کہنا ہے کہ ان ایوارڈز کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرنے والے معذور کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کھلاڑیوں میں خاص طور پر پاکستان نمبر ون وہیل چیئر ٹینس کھلاڑی آصف گل عباسی، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان انٹرنیشنل محمد ذیشان، ڈس ایبل کرکٹر فرحان سعید قابل ذکر ہیں جبکہ دیگر کھیلوں سے متعلق کھلاڑیوں اور شخصیت کے علاوہ گنیز بک ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کم عمر مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم بھی شامل ہیں۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین شاہد علی ہاشمی کا کہنا ہے کہ ایوارڈز کی تقسیم کے لیے ایک بورڈ قائم کیا گیا تھا جس نے کارکردگی کی بنیاد پر کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔ ان ایوارڈز میں ان افراد کا بھی خیال رکھا گیا ہے جو کارکردگی دکھانے کے باوجود شہرت حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

ان ایوارڈز کو ٹیولی بیل کنسلٹنگ گلوبل نے اسپانسر کیا ہے۔ اس سلسلے میں ”ٹیولی بیل“ کے سی ای او نعمان بخاری کا کہنا ہے کہ ان ایوارڈز کا مقصد مختلف کھیلوں سے متعلق کھلاڑیوں اور شخصیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ نوجوان منفی سرگرمیوں کی بجائے صحت مند سرگرمیوں میں حصہ ادا کرکے پاکستانی معاشرے کو مثبت سمت لے جانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاکی، اسکوائش اور اسنوکر میں انحطاط کی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے ان کھیلوں کے کھلاڑیوں کو نظرانداز کردیا ہے۔

اس سلسلے میں اسپورٹس فار آل ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہد علی ہاشمی کا کہنا ہے کہ یہ پہلے ایوارڈز ہیں اور ہم یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور اگلے سال کے ابتدا ہی میں دوسرے ایوارڈز کی تقریب پاکستان کی سطح پر منعقد کی جائے گی۔

 

 

تعارف: News Editor