ریجنل انٹرڈسٹرکٹ انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ جمعرات سے شروع ہوگا
لاہور 14 جون، 2023:
نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے مقصد کے تحت ریجنل انٹرڈسٹرکٹ انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ جمعرات کے روز سے پندرہ ریجنوں میں شروع ہورہا ہے۔
حیدرآباد ریجن کے میچز19 جون سے کھیلے جائیں گے۔
اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد ملک کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی مہارت اور صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر104 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے ذریعے2080 کھلاڑی ان میچوں میں حصہ لے سکیں گے۔ان کرکٹرز کا انتخاب پورے ملک میں کیے گئے ٹرائلز کے ذریعے عمل میں آیا ہے یہ ٹرائلز اس سال کے اوائل میں منعقد ہوئے تھے۔
ان ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والے کرکٹرز میڈیکل امتحان کے عمل سے گزرے تھے جس کے بعد ہر ٹیم میں 20 ٹاپ کرکٹرز سلیکٹ کیے گئے۔
اس ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کے لیے یہ شرط تھی کہ وہ یکم ستمبر 2004 ءکو یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہوں۔
اس ٹورنامنٹ میں شریک سولہ ریجنوں کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔
کوئٹہ ( دس ڈسٹرکٹس ) ڈیرہ مراد جمالی ( پانچ ڈسٹرکٹس ) لاڑکانہ ( چھ ڈسٹرکٹس ) حیدرآباد ( سات ڈسٹرکٹس ) کراچی ( سات زون ) بہاولپور ( سات ڈسٹرکٹس ) ملتان ( سات ڈسٹرکٹس ) لاہور ( تین زون چھ ٹیمیں ) فیصل آباد ( چھ ڈسٹرکٹس ) سیالکوٹ ( سات ڈسٹرکٹس ) آزاد جموں کشمیر ( پانچ ڈسٹرکٹس) راولپنڈی ( چار ڈسٹرکٹس ) اسلام آباد ( چار زون اور ایک ڈسٹرکٹ ) پشاور ( پانچ ڈسٹرکٹس ) ایبٹ آباد ( سات ڈسٹرکٹس ) فاٹا ( دس ڈسٹرکٹس )۔
ریجنل انٹرڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ ٹیموں کو مقابلے کا بہترین فارمیٹ فراہم کرے گا جس میں ہر ریجن کی ٹاپ ٹیم فاتح قرار پائے گی۔
اس ٹورنامنٹ سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کے لیے مزید راہیں بھی کھلیں گی اور ان کے لیے انٹرریجن انڈر 19 چیمپئن شپ ( تین روزہ ) اور انٹرریجن انڈر19 کپ ( ون ڈے ) میں کھیلنے کا موقع موجود ہوگا۔یہ ایونٹ اس سال اگست سے اکتوبر کے درمیان منعقد ہوگا جس میں کھلاڑیوں کے لیے اپنے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر سامنے لانے کا موقع موجود ہوگا۔