پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام کے تحت کراچی کی لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیم نے سندھ پراونشل لیگ اپنے نام کر لی
پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت والی بال پراونشل لیگ کی میزبانی باعث فخر ہے، وائس چانسلر جامعہ این ای ڈی
پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت والی بال پراونشل لیگ سندھ کی اختتامی تقریب جامعہ این ای ڈی میں منعقد کی گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسرڈاکٹرسروش لودھی تھے جبکہ سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلرپروفیسر آصف احمد شیخ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوہد علی میمن اعزازی مہمان تھے۔
پراونشل لیگ سندھ میں لڑکوں کی کیٹیگری میں کراچی نے پہلی پوزیشن لی جبکہ سکھراورلاڑکانہ کی ٹیمیں بتدریج دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اسی طرح کراچی کی لڑکیوں کی ٹیم نے پہلی پوزیشن جبکہ حیدرآباد اورلاڑکانہ کی ٹیموں نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے جاوید علی میمن کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھرمیں کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد جاری ہے، ایسی سلسلے میں والی بال پراونشل لیگ (سندھ) کا انعقاد جامعہ این ای ڈی میں کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی مشیربرائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ملک بھر میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت کی سرپرستی میں ہم ملک میں کھیلوں میں حصہ لینے کی روایت کو فروغ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے، جو نوجوان اچھا کھیل پیش کرے گا، اسے نیشنل لیگ میں کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ نیشنل لیگ کے لیے ہر صوبے سے دو ٹیمیں بنائی جائیں گی۔ ان دونوں ٹیموں میں پراونشل لیگ میں حصہ لینے والی پانچوں ٹیموں کے بہترین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو قابل کوچز تربیت دیں گے تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارا جا ساکے۔
پروفیسر ڈاکٹرآصف احمد شیخ نے کہا کہ نوجوان آج اور کل کا پاکستان ہیں،نوجوانوں کو تعلیم کےحصول کے مواقع کی فراہمی کے ساتھ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے سہولیات دینا ہوں گی۔
مہمان خصوصی نے پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ہونے والی پراونشل لیگ کی میزبانی جامعہ این ای ڈی کو سونپنے پر جاوید علی میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والی بال پراونشل لیگ کا انعقاد جامعہ کے لیے باعث افتخار ہے۔ انھوں نے بتایا کہ والی بال پراونشل لیگ سے پہلے صوبہ سندھ کے دوردرازعلاقوں بشمول حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد اورلاڑکانہ میں والی بال کے ٹرائلز لیے گئے اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پانچ اضلاع کی ٹیموں کے مابین والی بال لیگ کروائی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انھوں نے دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو نصیحت کی کہ کھیل ہارجیت کے ساتھ جہد مسلسل سکھاتا ہے، ہمیں محنت جاری رکھنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اہم کردارا ادا کررہا ہے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی وساطت سے ہم کھیلوں کے مزید مقابلے بھی کروائیں گے۔