دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ جمعہ کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ کولمبو کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
پچاس اوورز فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں افغانستان اے ۔ بنگلہ دیش اے ۔سری لنکا اے اور اومان اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز۔ انڈیا اے ۔ نیپال اور متحدہ عرب امارات اے کی ٹیمیں گروپ بی میں ہیں۔
نیپال کے خلاف میچ کے بعد پاکستان شاہینز جس کی قیادت محمد حارث کررہے ہیں 17 جولائی کو اپنا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات اے کے خلاف پی سارا اوول گراؤنڈ میں کھیلے گی جبکہ 19 جولائی کو اس کا تیسرا میچ انڈیا اے کے خلاف پریماداسا اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 21 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 23 جولائی کو ہوگا۔
پاکستان شاہینز نے سری لنکا روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہیڈ کوچ محمد مسرور کی نگرانی میں ٹریننگ کی ۔سری لنکا پہنچنے کے بعد ٹیم نے کولمبو میں بھی دو روز ٹریننگ کی ہے۔
پاکستان شاہینز میں کپتان محمد حارث ( پانچ ون ڈے انٹرنیشنل ، نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) کے علاوہ دیگر سات ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو اس سے قبل پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کرچکے ہیں۔ان میں ارشد اقبال ( ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) کامران غلام ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل ) محمد وسیم جونیئر ( دو ٹیسٹ۔ چودہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ستائیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) ۔صاحبزادہ فرحان ( تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) صائم ایوب ( آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل) شاہنواز دھانی ( دو ون ڈے انٹرنیشنل ، گیارہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) اور طیب طاہر ( تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) شامل ہیں۔
اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کا پچھلا ٹورنامنٹ نومبر 2019ء میں بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا جس کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے میزبان بنگلہ دیش کو77 رنز سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کو 3 رنز سے ہرایا تھا۔اس میچ میں عمیر بن یوسف 66 رنز بنائے تھے جبکہ عماد بٹ ایک وکٹ کے ساتھ ڈیتھ اوورز میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کو جتوانے میں مدد دی تھی۔ یہ دونوں کھلاڑی موجودہ ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔
عمیر بن یوسف اور عماد بٹ نے پی سی بی ڈیجیٹل کے لیے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے لیے تیار ہیں۔ عماد بٹ کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر کی ہونے کی وجہ سے انہوں نے ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں پر توجہ دی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے اچھا کرسکیں۔
عماد بٹ کا کہنا ہے کہ یہ ہم سب کے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے۔ان کا یہ کم بیک ہے لہذا وہ اس ٹورنامنٹ سے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی کی کوشش کریں گے۔
عمیر بن یوسف کا کہنا ہے کہ وہ زمبابوے کے دورے جیسی کارکردگی یہاں بھی دوہرانے کے لیے بہت ُپرجوش ہیں۔ انہوں نے نیٹ میں جو پریکٹس کی ہے اسے وہ میچوں میں بھی بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔
عمیر بن یوسف کا کہنا ہے کہ ہم دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ خود پر نہیں لیں گے اپنے پلان کو قابل عمل بنانے کی کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہاں سے فاتح بن کر لوٹیں۔
عمیربن یوسف کو 2019میں انڈیا کے خلاف اپنی پرفارمنس اچھی طرح یاد ہے اور وہ اسے دوہرانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی سے قومی ٹیم میں جگہ بنائے۔ کسی بھی دوسرے کرکٹر کی طرح ان کی بھی یہی کوشش ہوگی کہ وہ اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اور اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں۔
پاکستان شاہینز کا شیڈول اس طرح ہے۔
14جولائی ۔ بمقابلہ نیپال۔
17 جولائی۔ بمقابلہ متحدہ عرب امارت اے ۔
19جولائی ۔ بمقابلہ انڈیا اے۔