پاکستان شاہینز کو ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں این ٹی سٹرائیک کے خلاف 59 رنز سے شکست ۔

 

اس میچ کی خاص بات جیک ووڈ کی آل راؤنڈ پرفارمنس تھی جنہوں نے 24 رنز بنانے کے علاوہ چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ڈارون کے گارڈنز اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں این ٹی سٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، جواب میں پاکستان شاہینز 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 

این ٹی سٹرائیک کی اننگز کی خاص بات پرم اوپل اور جوش کان کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

پرم اوپل نے صرف 28 گیندوں پر59 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے، جوش کان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 47 رنز سکور کیے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

 

پاکستان شاہینز کی طرف سے عرفات منہاس اور عالیان محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر ہی باسط علی اور شاویز عرفان آؤٹ ہوگئے، صفر پر دو وکٹیں گرجانے کے بعد شامل حسین اور کپتان روحیل نذیر سکور کو 49 تک لے گئے اس موقع پر شامل حسین دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

 

کپتان روحیل نذیر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز سکور بناکر پویلیئن لوٹے تو پاکستان شاہینز کا سکور پانچ وکٹوں پر 91 رنز تھا، وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان شاہینز کسی بھی موقع پر مضبوط پوزیشن میں نہ آسکی۔

 

 

تعارف: News Editor