گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ لٹل ماسٹر حنیف محمد کے نام سے منسوب.

 

گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ لٹل ماسٹر حنیف محمد کے نام سے منسوب

• حنیف محمد ٹرافی میں دس ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی

 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عظیم کرکٹر حنیف محمد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یہ ٹورنامنٹ حنیف محمد ٹرافی کہلائے گا۔ 24- 2023ء کے سیزن میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دس ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔

یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے لیجنڈز کی کھیل کے لیے شاندار خدمات کا احترام کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان عظیم کرکٹرز کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دراصل ان حقیقی کرکٹ لیجنڈ کو خراج عقیدت ہے جنہوں نے اپنے وقار انہماک اور کھیل کے لیے اپنی خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں عموماً اور خصوصاً پاکستان میں کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے عظیم کھلاڑیوں کو یاد رکھیں اور ایسے اقدامات کرتے رہیں کہ ان کی یاد زندہ رہے۔

حنیف محمد کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا اس موقع پر کہنا ہے کہ وہ اور ان کی فیملی ذکا اشرف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے ان کے والد کی خدمات کو اعزاز بخشا ۔یقیناً یہ بات بہت خوشی کی ہے کہ کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کی قربانیوں اور سخت محنت کو یاد رکھے ہوئے ہے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کے ابتدائی ایام میں اسے دنیا کے نقشے پر متعارف کرایا۔

شعیب محمد نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان ڈومیسٹک کرکٹرز حنیف محمد کے کریئر سے حوصلہ پائیں گے اور پاکستان کی خدمت کرنے کے قابل ہونگے۔

یاد رہے کہ لٹل ماسٹر حنیف محمد پاکستان کرکٹ کے ابتدائی برسوں میں بیٹنگ کی بہترین مثال تھے۔ انہوں نے 55 ٹیسٹ میچوں میں بارہ سنچریوں اور پندرہ نصف سنچریوں کی مدد سے 43.98 کی اوسط سے 3915رنز بنائے تھے۔

حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1958 کی سیریز کے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں 970 منٹ کی بیٹنگ میں 337 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی جو اب بھی ٹیسٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔

حنیف محمد نے گیارہ ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی وہ 1969میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔

حنیف محمد نے 238 فرسٹ کلاس میچوں میں 55 سنچریوں اور66 نصف سنچریوں کی مدد سے 52.32 کی اوسط سے17059 رنز بنائے تھے جس میں 499رنز کی تاریخی اننگز بھی شامل ہے جو اب بھی کسی پاکستانی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔اس ریکارڈ کو ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نےناٹ آؤٹ 501 رنز بناکر توڑا تھا۔

واضح رہے کہ حنیف محمد ٹرافی ریجنل ٹیموں کے لیے قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا ٹورنامنٹ ہوگی۔ جو بھی ٹیم حنیف محمد ٹرافی جیتے گی وہ ترقی پاکر قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی اور جو ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آئے گی وہ ریلیگیٹ ہوکر گریڈ ٹو ایونٹ میں چلی جائے گی۔

 

 

error: Content is protected !!