آزادی سائیکل ریس پشاور کے شفیع اللہ نے جیت لی
پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آزادی سائیکل ریس گزشتہ روز ناردرن بائی پاس پشاور پر منعقد ہوئی ایونٹ کا افتتاح صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد علی نے کیا ان کے ہمراہ صدر کے پی سائیکلنگ ایسوسی ایشن سید شایان علی شاہ‘فنانس سیکرٹری طیفور زرین‘ٹیکنیکل آفیشلز میں انٹرنیشنل سائیکلسٹ مراد علی‘ طاہر شاہ‘ افتخار احمد اعوان‘ محمد بلال‘ مردان سے ابراہیم شاہ ‘کوہاٹ سے محمد فرحان اور دیگر آفیشلز موجود تھے‘
ریس میں مختلف ڈویژنز کے40 سائیکلسٹس نے حصہ لیا ‘ سپورٹس سائیکل کی14 کلو میٹر کی سائیکل ریس میں حیات آباد کے شفیع اللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی انہوں نے مطلوبہ فاصلہ انیس منٹ اور اٹھائیس سیکنڈز میں طے کیا اور پندرہ پوائنٹس حاصل کئے‘ مردان کلب کے سمیع رنر اپ رہے جبکہ محسن خان کلب کے نبی نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی‘چائنا سائیکل ریس میں پبی کلب کے یاسین نےپ ہلی پوزیشن حاصل کی‘ سبحان اللہ رنر اپ رہے جبکہ منیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی‘
مقابلوں کی انعامی تقریب رنگ روڈ پشاور میں منعقد ہوئی اس موقع پر سوشل ورکر اور سابق ایم پی اے بلاول آفریدی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے‘مہمان خصوصی بلاول آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر بہترین سائیکل ریس منعقد کی گئی اور کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع بھی ملے انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کے فروغ و ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔