پی ایس بی کراچی کی جانب سے یوم آزادی آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد.

 

 

پی ایس بی کراچی کی جانب سے یوم آزادی آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد

 

تیر اندازوں کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے بہترین سہولیات فراہم کی گئیں

 

راشد مسعود اور شہوار ناصر فاتح رہے،ڈائرکٹر پی ایس بی عمران یوسف نے انعامات تقسیم کئے

 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)راشد مسعود اور شہوار ناصر نے پی ایس بی یوم آزادی آرچری چیمپئن شپ کے مینز اور ویمنز ٹائٹل جیت لیے،ڈائرکٹر پی ایس بی کراچی سینٹر عمران یوسف نے انعامات تقسیم کئے۔

 

پاکستان کے76ویں یوم آزادی کے موقع پر پی ایس بی کراچی سینٹر میں آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد پی ایس بی کراچی سینٹر کے زیر اہتمام کیا گیا جس میں 70سے زائد نیشنل اور انٹر نیشنل مر د وخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی، ایونٹ میں شریک تیر اندازوں کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔

 

50میٹرز کے فاسلے پر مشتمل چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ میں لائنز آرچرز کے راشد مسعود نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ایس ڈبلیو اے ٹی آرچری کلب کے سید غلام علی نے سلور اور پاک آرچری کے محمد اسامہ خان نے برانز میڈل جیتا۔

ویمنز کے ایونٹ میں رائٹ آرچرز کراچی کی شہوار ناصر نے گولڈ،کیو اے اے آرچری کی کنول حسان نے سلور اور وائٹ ہاؤس آرچری کلب کی عطیہ رحمان نے برانز میڈل حاصل کیا۔

 

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائرکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر عمران یوسف کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کا دن ہمیں اپنے اجداد کی قربانیوں اوروطن سے محبت کا احساس دلاتا ہے،جس سے ہمارا جزبہ حب الوطنی تازہ ہو جاتا ہے،

اس ایونٹ کے منعقد کروانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو آزادی جیسی انمول نعمت کے بارے میں آگاہ کریں اور انہیں پاکستان کی دل و جان سے خدمت کرنے کی تلقین کریں۔

بعد ازاں انہوں نے کامیاب تیر اندازوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر انٹر نیشنل کوچ حسان عبداللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

 

 

تعارف: News Editor