سپورٹس کمپلیکس کے ریونیو سمیت پرانے سامان کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے ، مطالبہ
کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کی جانب سے صوبے کے مختلف علاقوں میں واقع سپورٹس کمپلیکسز کے ریونیو ریکارڈ کی طلبی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپلیکسز کے پرانے سامان کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے کیونکہ بعض کمپلیکسز میں پرانے سامان کو اونے پونے فروخت کیا گیا اور اس بارے میں کوئی ٹینڈر بھی نہیں ہوئے جو قابل افسوس اقدام ہے .
اپنے بیان میں کھیلوں سے وابستہ حلقوں کا موقف ہے کہ جس طرح سال 2018 سے لیکر 2023 تک ریونیو ریکارڈ سپورٹس کمپلیکس سے طلب کیا گیا ہے اس سے نہ صرف کمپلیکس کے ریونیو کا بھی پتہ چل جائیگا بلکہ اس اقدام سے صوبے کے منافع بخش کمپلیکس اور ان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پتہ چل جائیگا کہ کونسے کھیل میں سب سے زیادہ کھلاڑی ہیں
انہوں نے کہاکہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام پشاور سپورٹس کمپلیکس اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ پرانے اور کنڈم کھیلوں کے سامان کا کوئی ریکارڈ نہیں اسی بناءپر ان کمپلیکس سمیت تمام کمپلیکس کے سامان کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ مینٹیننس کے بعد بچ جانیوالا سامان کس طرف لے جایا گیا اور کہاں پر استعمال ہوا اسی طرح اوپن نیلامی ہوئی یا پھر من پسندکنٹریکٹر کو دیا گیا اس بار ے میں بھی رپورٹ طلب کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات ختم ہوں