مصباح الحق کی شاندار پرفارمنس سے واریئرز فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب
لاؤڈرہل، فلوریڈا (27 اگست 2023) کوالیفائر 1 میں کیلیفورنیا نائٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر نیو یارک واریئرز یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ نیو یارک واریئرز نے کیلیفورنیا نائٹس کو مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز پر محدود کردیا تھا اور صرف 8.4 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
نیو یارک واریئرز کے اوپننگ بلے باز تلکارتنے دلشان اور کامران اکمل اننگز کے آغاز میں ہی آؤٹ ہو گئے جس کی وجہ سے واریئرز کی ٹیم 3.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز بناسکی تھی۔ تاہم مصباح الحق نے چھٹے اوور میں دیویندر بشو کی باؤلنگ پر چھکا اور ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کا رنز ریٹ تیز کیا۔
لیوی نے اگلے ہی اوور میں کرشمر سنتوکی کو ایک چھکا اور ایک چوکا مارا ۔ جس کے بعد مصباح نے اپنی ٹیم کو فتح دلاتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی اس وقت میچ کی 8 گیندیں باقی تھیں۔ مصباح الحق نے بغیر آوٹ ہوئے 29 رنز اسکور کئے۔
اس سے قبل کیلیفورنیا نائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جیک کیلس اور ایرون فنچ نے باؤنڈری لگا کر نائٹس کو شاندار آغاز فراہم کیا ۔ دونوں نے باقاعدگی سے چوکے اور چھکے لگانے کا سلسلہ جاری رکھا اور نائٹس کے اسکور کو 5.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 60 رنز پر پہنچادیا ۔
تاہم وارئیرز نے فوری طور پر چار وکٹیں حاصل کیں اور نائٹس کو مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تک محدود کردیا۔