فائیو سائیڈ ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ سے صلالہ ، عمان روانہ ہوگئی۔
پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کے دس کھلاڑی ہیڈ کوچ اولمپین وسیم فیروز اور مینجر میجرر محمد شاہنواز خان کے ہمراہ روانہ ہوئے۔ قومی ہاکی ٹیم کو روانہ کرنے کے لئے سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین، ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی رانا محمد شفیق، سینیئر نائب صدر اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن محمد آصف، مرزا نوید بیگ اور سلیم رضا سمیت اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم کے کپتان رانا عبدالوحید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اور تمام کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے دعاوں کی اپیل ہے انشاءاللہ ہم فتح کے ساتھ پاکستان لوٹیں گے۔
ہیڈ کوچ پاکستان فائیو دائیڈ ہاکی ٹیم 1994 ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ و پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین وسیم فیروز نے کہا کہ فائیو سائیڈ ہاکی ایک تیز ترین کھیل کا فارمیٹ ہے جس کے لئے بہترین حکمت عملی درکار ہے۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں اور انشاءاللہ پھرپور کارکردگی دکھانے کے ساتھ ساتھ فائیو سائیڈ ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنا ٹارگٹ ہے جس کو انشاءاللہ حاصل کرینگے۔
پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم میں گول کیپرز: عبداللہ اشتیاق خان، علی رضا، ڈیفینڈر: محمد عبداللہ، مڈ فیلڈز: احتشام اسلم، محمد مرتضی یعقوب، سٹرائکرز: ارشد لیاقت، ذکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف، عبدالرحمٰن اور عبدالوہاب شامل ہیں۔
فائیو سائیڈ ایشیاء کپ میں 11 ٹیمیں شرکت کرینگی جس میں پاکستان، انڈیا، افغانستان، انڈونیشیا، ایران، جاپان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ چائینہ، قازقستان، مالئشیا اور میزبان ملک عمان کی ٹیمں شامل ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ جاپان کے خلاف 29 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کھیلے گا۔