سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ صدر ایس پی ایل عارف ملک کی چیئر مین پی سی بی سے ملاقات
لیگ کا انعقاد چیئر مین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے،سید ناصرحسین شاہ
ایس پی ایل سندھ کی کھیلوں کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہو گا،چیئر مین پی سی بی ذکا اشرف
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ پریمئر لیگ کو این او سی جاری کر دیا،اس نئی پیش رفت سے سندھ کے کھلاڑیوں،ٹیم اونرز اور آفیشلز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،ایس پی ایل کے پہلے ایڈیشن کے شایان شان انعقاد کے لئے تیاریاں تیز ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پریمئر لیگ کے صد ر عارف ملک نے سندھ کے سابق صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں چیئر مین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف سے ملاقات کی جس کے دوران پی سی بی نے سندھ پریمئر لیگ کے لئے این او سی جاری کیا۔ملاقات میں پی سی بی کے ڈائرکٹر ڈومیسٹک ندیم خان اورپی سی بی کے دیگرعہدے داران بھی موجود تھے۔اس موقع پرسابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایس پی ایل کا انعقاد پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے،
ان کی ہدایات کی روشنی میں اس لیگ میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جا رہا ہے جنہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا کبھی موقع نہیں ملا،پی پی چیئر مین سندھ کی اس پہلی لیگ کے انعقاد میں خصوصی دل چسپی لے رہے ہیں ان کی ہدایات ہیں کہ اس لیگ کے ذریعے نا صرف سندھ کے کرکٹ ٹیلنٹ بلکہ سندھ کی ثقافت کو بھی نمایاں انداز سے اجاگر کیا جائے
تاکہ نا صرف سندھ بلکہ پاکستان کی خوب صورتی اور اس کا کلچر بھر پور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے،ان کا کہنا تھا کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پی سی بی نے ایس پی ایل کے لئے این او سی جاری کر دیاہے، ایس پی ایل کے لئے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ہماری پوری کابینہ کی بھر پور کاوشیں ہیں اور وہ اس لیگ کے آئیڈیا سے لے کر اب تک ہمارے قدم بہ قدم ہیں،مجھے امید ہے کہ ایس پی ایل پہلے ایڈیشن سے ہی پاکستان کی کامیاب لیگ بن جائے گی،
چیئر مین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایس پی ایل کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر سندھ کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا،پی سی پی مستقبل میں بھی اس لیگ کی کامیابی کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔صدر ایس پی ایل عارف ملک کا کہنا تھا کہ این او سی کا ملناہماری کامیابی کی جانب اہم قدم ہے،
اس لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے اب ہماری تیاریوں میں نیا جوش و ولولہ سب کو نظر آئے گا،این او سی کا ملنا جہاں ہمارے لئے خوشی کی بات ہے وہیں اب ہم پر دباؤ بھی ہوگا کہ ہم اس لیگ کا شاندار انعقاد کریں تاکہ شائقین کرکٹ کو بہترین اور مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو مل سکے،ہم پی سی بی کے مشکور ہیں
جس نے ہماری کوششوں کی قدر کی اور این او سی جاری کیا،ان کا کہنا تھا کہ ایس پی ایل کیلئے این او سی ملنے سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ یہ نا صرف ہمارے لئے بلکہ ایس پی ایل کے ساتھ منسلک ہونے والے تمام ٹیم اونرز،آفیشلز اور کھلاڑیوں کے لئے بھی بہت بڑی خبر ہے،
شاہد آفریدی،مصباح الحق،عبدالرزاق جیسے کھلاڑیوں کا ہمارے ساتھ شامل ہونا ہی اس بات کا غماز ہے کہ ایس پی ایل کا سفر درست سمت میں جاری ہے،ان کا کہنا تھا کہ ٹیموں کی تشکیل کے سلسلے میں ٹرائلز جاری ہیں،جلد ہی کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا اعلان کر دیا جائے گا۔