قائداعظم ٹرافی : لاہور وائٹس کے سعد نسیم کی ڈبل سنچری۔
ثمین گل کی 8 وکٹیں، احمد صفی عبداللہ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات لاہور وائٹس کے سعد نسیم کی لاہور بلوز کے خلاف ڈبل سنچری اور فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔
لاہور وائٹس اور لاہور بلوز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے تیسرے دن لاہور وائٹس نے لاہور بلوزکے 248 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز254 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 432 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
سعد نسیم نے جو دوسرے دن 103 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے 221 رنز بنانے میں کامیاب رہے ان کی اننگز میں 24 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
کھیل کے اختتام پر لاہور بلوز نے اپنی دوسری اننگز میں61 رنز بنائے تھے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی اور فاٹا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن راولپنڈی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
فاٹا کی جانب سے فاسٹ بولر ثمین گل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے51 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا نے اپنی دوسری اننگز میں 225رنزچھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔سلمان خان نے 110رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
راولپنڈی ریجن کو میچ جیتنے کے لیے 400 رنز کا ہدف ملا ہے اور کھیل ختم ہونے پر اس نے بغیر کسی نقصان کے16 رنز بنائے تھے۔
ایبٹ آباد میں پشاور ریجن اور کراچی ریجن کے میچ کے تیسرے دن پشاور ریجن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کھیل کے اختتام پر کراچی ریجن نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 249 رنز بنائے تھے۔پہلی اننگز میں 70 رنز بنانے والے اسد شفیق دس چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ عمیر بن یوسف نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے76 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد 32 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
کراچی ریجن کو مجموعی طور پر280 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔
شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان ریجن اور فیصل آباد ریجن کےدرمیان کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن فیصل آباد کی ٹیم ملتان کے پہلی اننگز کے اسکور 233 رنز کے جواب میں 269 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آصف علی اور احمد صفی عبداللہ 69/ 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
یاد رہے کہ احمد صفی عبداللہ نے ملتان کی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
کھیل ختم ہونے پر ملتان نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر 155 رنز بنائے تھے۔عمران رفیق نے68 رنز اسکور کیے۔احمد صفی عبداللہ دو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اس طرح ان کی میچ میں حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔