قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کےدوران 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کیا، انضمام الحق نے بتایا کہ قومی سکواڈ میں کپتان بابراعظم اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔
بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان (وکٹ کیپر بلے باز) حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا، اسامہ میرمحمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کسی بھی کرکٹر کی زندگی میں اہم ترین ایونٹ ہوتا ہے وہ ان تمام کرکٹرز کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں جو اپنی متاثرکن کارکردگی کے سبب اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
اس ٹیم نے پچھلے چند برسوں کے دوران بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی لیے ہم نے انہی کھلاڑیوں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ہمیں صرف ایک تبدیلی پر مجبور ہونا پڑا ہے جس کا تعلق بدقسمتی سے نسیم شاہ کی انجری سے ہے۔ ہمیں ایشیا کپ کے دوران بھی کچھ کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملات کا سامنا رہا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ایونٹ میں بہترین پرفارمنس کے لیے ُپر عزم ہیں۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ انہیں فاسٹ بولر حارث رؤف کی فٹنس کے بارے میں ہمارے میڈیکل پینل کی طرف سے حوصلہ افزا رپورٹس ملی ہیں۔ حارث رؤف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بولنگ شروع کردی ہے اور وہ سلیکشن کے لیے دستیاب ہونگے۔
انضمام الحق نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان لاسکتی ہے اور اپنی شاندار کارکردگی سے پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بن سکتی ہے۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ یہ وقت ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور اس کی ہمت بڑھانے کا ہے جس کی ٹیم کو ضرورت ہے۔