کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ; پندرہ رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان.

 

 

ورلڈ کپ 2023 کے لیے پندرہ رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان ۔

• ان فٹ نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں شمولیت

 

لاہور 22 ستمبر۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک انڈیا میں کھیلا جائے گا۔

 

انضمام الحق کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے انتخاب میں مستقل مزاجی اور موجودہ کھلاڑیوں پر اعتماد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے اسکواڈ میں سے صرف ایک تبدیلی کی ہےاور وہ بھی مجبوراً فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ان فٹ ہوجانے کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔

 

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والا اسکواڈ سترہ کھلاڑیوں پر مشتمل تھا۔

نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

 

نسیم شاہ کو طبی معائنے اور قابل ذکر ماہرین سے صلاح مشورے کے بعد کندھے کی سرجری کے لیے کہا گیا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ انہیں مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں چار ماہ لگیں گے۔

سلیکٹرز نے وکٹ کیپر محمد حارث ۔ مسٹری اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر زمان خان کو ٹریولنگ ریزرو میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم ( کپتان ) شاداب خان ( نائب کپتان ) عبداللہ شفیق۔ فخرزمان۔ حارث رؤف۔ حسن علی۔ افتخار احمد ۔ امام الحق۔ محمد نواز۔ محمد رضوان ( وکٹ کیپر ) محمد وسیم جونیئر۔ سلمان علی آغا۔ سعود شکیل۔ شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر۔

ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی۔ محمد حارث ( وکٹ کیپر ) ابرار احمد اور زمان خان۔

 

ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم ا29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔ وہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

 

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا آغاز عالمی نمبر ایک رینکنگ کی ٹیم کی حیثیت سے کرے گی اس ورلڈ کپ سائیکل میں اس کی جیت کا تناسب تمام ٹیموں سے زیادہ ہے۔

 

پاکستانی ٹیم 2019 کے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ سے کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی تھی جو ورلڈ کپ کی رنرزاپ رہی تھی۔

پاکستان نے 1992میں ورلڈ کپ جیتا ہے جبکہ 1999 میں اس نے فائنل کھیلا تھا۔اس کے علاوہ پاکستان چار مرتبہ 1979۔1983 ۔1987 ۔ اور2011 میں سیمی فائنل بھی کھیل چکا ہے۔

 

 

 

error: Content is protected !!