قومی انڈر 19 کرکٹ چیمپئن شپ کا دوسرا راؤنڈ جمعہ سے شروع ہوگا۔
قومی انڈر 19 چیمپئن شپ ( سہ روزہ ) اور قومی انڈر19 کپ ( ایکروزہ ) کا دوسرا راؤنڈ جمعہ سے شروع ہوگا۔ یہ دونوں ٹورنامنٹس بالترتیب پندرہ اور انیس ستمبر سے شروع ہوئے تھے۔
سولہ کرکٹ ریجنز کی اٹھارہ ٹیمیں ان دونوں ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہی ہیں۔
ان دونوں ٹورنامنٹس کے میچز فیصل آباد ۔ گوجرانوالہ ۔ کراچی ۔ سرگودھا اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔
ان اٹھارہ ٹیموں کو تین گروپ میں رکھا گیا ہے ۔ ہر گروپ چھ ٹیموں پر مشتمل ہے۔دونوں ٹورنامنٹس میں ہرگروپ کی بہترین ٹیم ٹرائنگولر مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
ٹرائنگولر مرحلے کی دو بہترین ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی ۔
قومی انڈر19 چیمپئن شپ کا فائنل 10 سے 13 نومبر تک رانا نویدالحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا۔
قومی انڈر19 کپ کا فائنل اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
آزاد جموں کشمیر ۔ فیصل آباد ریجن، فاٹا ریجن، حیدرآباد ریجن، کراچی ریجن وائٹس اور کوئٹہ ریجن گروپ اے میں ہیں۔
اسلام آباد ریجن، لاہور ریجن بلوز، لاڑکانہ ریجن ۔ملتان ریجن، پشاور ریجن اور راولپنڈی ریجن گروپ بی میں ہیں۔
ایبٹ آباد ریجن ۔ بہاولپور ریجن ۔ڈیرہ مراد جمالی ریجن ۔ کراچی ریجن، لاہور ریجن اور سیالکوٹ ریجن گروپ سی کا حصہ ہیں۔
پہلے راؤنڈ کے اختتام پر قومی انڈر19 چیمپئن شپ میں کراچی ریجن وائٹس گروپ اے میں دس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ راولپنڈی ریجن اور بہاولپور ریجن اپنے اپنے گروپ میں سرفہرست ہیں۔
قومی انڈر19 کپ ایکروزہ ایونٹ میں آزاد جموں کشمیر ۔کراچی ریجن اور کوئٹہ ریجن گروپ اے میں اپنے اپنے میچز جیتے ہیں۔
گروپ بی کے میچز بارش کی نذر ہوگئے تھے جبکہ گروپ سی میں ایبٹ آباد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اس نے لاہور وائٹس کو پہلے میچ میں ہرایا تھا تاہم دیگر چار ریجن کے میچز بارش کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکے تھے۔