اسلام آباد اوپن ائیر ویپن شوٹنگ چیمپئن شپ میں مردوں کا ایونٹ اختتام پذیر ہو گیا۔
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) اسلام آباد اوپن ائیر ویپن شوٹنگ چیمپئن شپ میں مردوں کا ایونٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ مہمان خصوصی آئی جی، پولیس اسلام آباد، ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے جوائنٹ سیکرٹری فیاض الحق کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر گن اینڈ کنٹری کلب کے سیکرٹری صداقت علی اعوان اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو نائب صدر کرنل ریٹائرڈ آغا عباس رضا، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر (ہوسٹل) فدا محمد خان کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پانچ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیوی، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور گن اینڈ کنٹری کلب ٹیموں کے کھلاڑی شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ میں مردوں کے انفرادی اور ٹیم ایونٹ رکھے گئے تھے۔ ائیر رائفل کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان آرمی کے سلمان نے پہلی، ایف ار اے زین نے دوسری اور پاکستان آرمی کے عاطف حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم کے مقابلوں میں پاکستان ائیر فورس نے پہلی، پاکستان آرمی نے دوسری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ائیر پسٹل کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان آرمی کے نائیک اظہر نے پہلی، پاکستان ائیر فورس کے کلیم اللہ نے دوسری اور پاکستان آرمی کے سپاہی شہباز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح ائیر پسٹل کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ پاکستان ائیر فورس اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
چیمپئن شپ میں خواتین کے مقابلے (آج) اتوار کو گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد میں ہونگے۔