قائداعظم ٹرافی ; اسد شفیق، عماد عالم اور خرم منظور کی سنچریاں.

 

 

قائداعظم ٹرافی: اسد شفیق، عماد عالم اور خرم منظور کی سنچریاں۔
محمد فیضان کی میچ میں9 وکٹیں

 

قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات کراچی وائٹس کے خرم منظور عماد عالم اور اسد شفیق کی لاہور وائٹس کے خلاف سنچریاں تھیں۔ خرم منظور نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کی 34 ویں سنچری اسکور کی جبکہ اسد شفیق اپنے فرسٹ کلاس کریئر کی 30 ویں سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی وائٹس نے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز 104 رنز بغیر کسی نقصان پر شروع کی اور4 وکٹوں پر432 رنز اسکور کیے۔
عماد عالم گیارہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خرم منظور نے نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 110 رنز اسکور کیے یہ ان کی 34 ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔
عماد عالم اور خرم منظور نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 168 رنز کااضافہ کیا۔
اسد شفیق نے اپنی عمدہ فارم کو جاری رکھتے ہوئے بارہ چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کی اس قائداعظم ٹرافی میں دوسری اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں30 ویں سنچری ہے۔
فہد اقبال60 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایبٹ آباد میں پشاور ریجن کی ٹیم لاہور بلوز کے پہلی اننگز کے اسکور 334 کے جواب میں 360 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں صاحبزادہ فرحان کے 132 رنز قابل ذکر تھے۔ کاشف بھٹی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
کھیل کے اختتام پر لاہور بلوز نے اپنی دوسری اننگز میں 149 رنز بنائے تھے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
لاہور بلوز کی مجموعی برتری اب 123 رنز کی ہوچکی ہے اور اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا نے ملتان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز بنائے تھے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔سلمان خان بارہ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔حسیب خان 45 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے قبل فاٹا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی اس طرح اسے فالوآن پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ریحان آفریدی نے چوبیس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے164 رنز اسکور کیے۔ عاکف جاوید چھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 53رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےمحمد سرور نے51 رنز بنائے۔
زاہد محمود نے135 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان نے اپنی پہلی اننگز 529 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔

 

پنڈی اسٹیڈیم میں راولپنڈی اور فیصل آباد کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں راولپنڈی کو جیتنے کے لیے 203رنز کا ہدف ملا ہے اور اس نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 190رنز بنائے تھے اور اس کے2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ عبدالفصیح 99 اور اشفاق احمد 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے قبل فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 234 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں محمد حریرہ کے87 رنز نمایاں تھے۔ اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے محمد فیضان نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔انہوں نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 

 

 

error: Content is protected !!