چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پول میچز میں انڈیا نے پاکستان کو دو کے مقابلہ میں دس گول سے شکست دیدی۔
انڈین ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائینل کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ پاکستان اور جاپان کے مابین سیمی فائینل تک رسائی کا فیصلہ کن میچ ابھی باقی ہے جوکہ 2 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔
عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود انڈین ہاکی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر موجود پاکستان ہاکی ٹیم کو کھیل کے پہلے کواٹر میں دو گول سکور کئے ۔
پہلا فیلڈ گول انڈیا کی جانب سے 8ویں منٹ میں مندیپ سنگھ نے سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کھیل کے 11ویں اور 17ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول سکور کرکے ہرمن پریت سنگھ نے انڈین ٹیم کی برتری کو مستحکم بنایا۔
کھیل کے 30ویں منٹ میں صُمیت نے انڈیا کے لئے چوتھا گول سکور کیا۔ کھیل کے تیسرے کواٹر میں 33ویں اور 34ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ ہرمن پریت سنگھ نے انڈیا کی جانب سے گول سکور کئے۔
کھیل کے38ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کیا۔ انڈیا کی جانب سے کھیل کے کھیل کے 41ویں منٹ میں وارون کمار نے فیلڈ گول سکور کیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسرا گول رانا عبدالوحید نے کھیل کے 45ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ سکور کیا۔انڈیا کی جانب سے آٹھواں گول شمشیر سنگھ نے کھیل کے 46ویں منٹ میں سکور کیا۔
انڈین کھلاڑی للیت کمار نے کھیل کے 49ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کیا۔ انڈین ٹیم کی جانب سے کھیل کے 54ویں منٹ میں وارون کمار نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول سکور کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم 2 اکتوبر کو جاپان کے خلاف اپنا پانچواں اور آخری پول میچ پاکستانی وقت کے مطابق 15:30بجے دوپہر کھیلے گی۔ ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چائینہ، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔